برمنگھم یونیورسٹی میں 1370 سال پرانا قرآن پاک کا نسخہ دریافت

July 23, 2015 6:02 pm0 commentsViews: 28

نسخہ بھیڑ اور بکری کی کھال پر لکھا گیا ہے اور 568 ء سے 645 کے درمیان کا نسخہ ہے‘ماہرین
لندن( آن لائن) برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی کو لائبریری میں ممکنہ طور پر قرآن کا قدیم ترین نسخہ ملا ہے یونیورسٹی کے مطابق ٹیسٹ سے یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ نسخہ کم از کم 1370 سال پرانا ہے۔ اگر یہ درست ہے تو یہ نسخہ قدیم ترین نسخہ ہے، قرآن کا یہ نسخہ یونیورسٹی کی لائبریری میں تقریباً ایک صدی سے رکھا ہوا تھا۔ ایسے نسخوں کے برٹش لائبریری کے ماہر ڈاکٹر محمد عیسیٰ کا کہناہے کہ یہ بہت دلچسپ دریافت ہے۔ اور اس سے مسلمان بہت خوش ہوں گے۔ یہ نسخہ مشرقی وسطیٰ کی کتابوں اور دیگر دستاویزات کے ساتھ رکھا۔ اس نسخے کو ایک پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علم نے دیکھا اور پھر فیصلہ کیا کہ اس کا ریڈیو کاربن ٹیسٹ کرایا جائے۔ جب ٹیسٹ کیا گیا تو اس کے نتیجے نے سب کو حیران کر دیا۔ یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سوزن وورل کا کہنا ہے کہ تحقیق کاروں کو اندازہ بھی نہ تھا کہ یہ دستاویز اتنی قدیم ہوگی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے ریڈیو کاربن ایکسلیریٹر یونٹ میں کئے گئے ٹیسٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ نسخہ بھیڑ یا بکری کی کھال پر لکھا گیا ہے۔ اندازے کے مطابق یہ568ء اور646ء کے درمیان کا نسخہ ہے۔

Tags: