سیلاب کی تباہ کاریاںجاری بلوچستان میں 21 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے

July 23, 2015 6:03 pm0 commentsViews: 137

حب میں موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی‘7 لاشیں نکال لی گئیں‘ دیگر کی تلاش جاری
گلگت ‘ بلتستان کے 5اضلاع میں درجنوں مکانات منہدم‘ چترال میں بڑے پیمانے پر تباہی‘ پاک فوج کی ریسکیو کارروائیاں
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے شمالی علاقوں اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں ہیں۔ حب میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث21 افراد بہہ گئے۔ گلگت بلتستان کے5 اضلاع میں درجنوں مکانات منہدم ہوگئے جبکہ چترال میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ادھر پاک فوج کی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جس کے دوران درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا اور25 ٹن راشن تقسیم کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع حب میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوںمیں طغیانی آگئی۔ مختلف سیلابی نالوں میں21 افراد بہہ گئے ہیں۔ 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔ ژوب میں سینکڑوں مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث چترال میں تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ جبکہ دو لاکھ 85 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق یہ تباہی گلیشیئر میں بنی ندیوں کے پھٹنے کے باعث ہوئی ہے جس سے سڑکیں تباہ ہوئیں، دیہات اور پل بہہ گئے اور املاک کے علاوہ کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔

Tags: