شہر میں بارش کیساتھ بجلی کی فراہمی معطل‘ سینکڑوں فیڈرز بحال نہیں ہوسکے

July 24, 2015 4:25 pm0 commentsViews: 17

کئی مقامات پر بجلی کی زنگ آلود تاریں ٹوٹ گئیں‘ کے الیکٹرک کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری اور سسٹم اپ گریڈ کرنے کے دعوؤں کا پول کھل گیا
کیماڑی‘ گارڈن‘ ڈیفنس‘ ناظم آباد سمیت متعدد علاقوں کے مکینوں کو مشکلات‘ بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث زیر زمین کیبل فالٹس کو درست کرنا ممکن نہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر میں بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کا بوڑھا نظام بیٹھ گیا اور1450 میں سے450 فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے جس کے سبب متعدد علاقوں میں مکمل طور پر بلیک آئوٹ ہوگیا۔ درجنوں مقامات پر زیر زمین کیبل فالٹس اور ٹرپنگ کے باعث رات گئے تک بجلی بحال نہیں ہو سکی۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام کو شہر میں تیز بارش کے باعث کے الیکٹرک کے ساڑھے 4 سو فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ درجنوں مقامات پر کیبل فالٹس کے باعث بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ کے الیکٹرک کا عملہ فالٹس دورکرنے کے لئے تاخیر سے پہنچا۔ جب کہ بارش کی وجہ سے کے الیکٹرک انتظامیہ کی بھاری سرمایہ کاری اور سسٹم امپرومنٹ کے دعوئوں کا پول کھل گیا۔ بارش کی وجہ سے سیکڑوں مقامات پر بجلی کی زنگ آلود تاریں ٹوٹ گئیں، جب کہ درجنوں مقامات پر انڈر گرائونڈ کیبلز میں بھی فالٹس پیدا ہوگئے ہیں۔ بارش کے باعث کے الیکٹرک کے450 فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے جس میں رات گئے تک کے الیکٹرک انتظامیہ نے300 فیڈرز بحال کر دئیے تھے۔ جب کہ150 سے زائد فیڈرز رات گئے تک بحال نہیں ہو سکے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کیماڑی ٹائون، کھارا در، میٹھا در، لیاری، صدر، برنس روڈ، لائنز ایریا، اولڈ سٹی ایریا، جیکب لائن، کورنگی کراسنگ قیوم آباد، اختر کالونی، کالا پل، ڈیفنس، محمود آباد ، اعظم بستی لکھنؤ سوسائٹی، کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ابو الحسن اصفہانی روڈ، صفورا گوٹھ، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، اورنگی ٹائون، نارتھ کراچی، نئی کراچی، کیماڑی، اورنگی ٹائون، بلدیہ و دیگر کئی علاقے بجلی سے محرو م رہے۔ کے الیکٹرک کے زونل افسران کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں جن مقامات پر انڈر گرائونڈ کیبل فالٹس پیدا ہوئے وہاں پر بارش کا پانی جمع ہے جس کے باعث زیر زمین کیبل فالٹس کو درست کرنا ممکن نہیں ہے۔

Tags: