بارش اور ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں سے کھلے عام لوٹ مار

July 24, 2015 4:28 pm0 commentsViews: 31

گلشن اقبال، جمشید کوارٹر، لیاقت آباد، صدر و دیگر علاقوں میں ملزمان گاڑی مالکان سے نقدی و موبائل لے اڑے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر میں بارش شروع ہوتے ہی اسٹریٹ کرمنل بھی موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور ٹریفک جام میں پھنسی اور بند ہونے والی گاڑیوں کے مالکان سے کھلے عام لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں کئی برس کے طویل انتظار کے بعد جمعرات کی شام طوفانی بارش میں شہریوں نے دل کھول کر موج مستی کی جبکہ موسم کو دیکھتے ہوئے اسٹریٹ کرمنل بھی سڑکوں پر نکل آئے اور کھلے عام شہریوں سے لوٹ مار کی، ماڑی پور روڈ، شیر شاہ، سائٹ ایریا، میٹرو ول، اورنگی ٹائون، عیسیٰ نگری، گلشن اقبال، ایم اے جناح روڈ، جمشید کوارٹر، پٹیل پاڑہ، لیاقت آباد، تین ہٹی، شارع فیصل، کشمیر روڈ، پرانی سبزی منڈی، صدر، لائنز ایریا، جیکب لائن، کورنگی صنعتی ایریا، کورنگی، لانڈھی، قائد آباد ، ملیر سمیت کئی علاقوں میں مسلح ملزمان پیدل ہی اسلحہ لہراتے ہوئے ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں اور بند ہونے والی گاڑیوں کے مالکان سے موبائل فون نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرا رہوگئے۔ دوسری جانب علاقہ پولیس اور دیگر سیلوں کی فورس گشت کے بجائے بارش سے بچنے کیلئے سڑکوں کے کنارے کھڑی رہیں۔

Tags: