کراچی سے سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے

July 24, 2015 5:02 pm0 commentsViews: 19

سیلابی ریلوں سے بچائو کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، فاروق ستار
طوفانی با دل سروں پر منڈلا رہے ہیں اور ملک کا سب سے بڑا معاشی شہر حکومتی سلوک کے باعث ایڈمنسٹریٹر سے محروم ہے
سندھ حکومت اپنی اربوں روپے کی کرپشن چھپانے کیلئے ٹرانسفر اور پوسٹنگ میں مصروف ہے، پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ماضی کی طرح حسب روایت سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک اختیار کر رکھا ہے اور حالیہ بارش اور بالائی علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلوں سے بچائو کیلئے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے، انہوں نے کہا کہ ملک پر اس وقت جب طوفانی بادل سر مڈلا رہے ہیں سب سے بڑا شہر اور معاشی حب کراچی حکومتی سلوک کے باعث ایڈمنسٹریٹر کراچی سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جب سندھ میں شدید طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور ملک کے بالائی علاقوں سے آنے والا سیلاب نچلے سندھ تک پہنچ چکا ہے سندھ حکومت کی پوری قیادت دبئی میں بیٹھ کر خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے اور اربوں روپے کی کرپشن چھپانے کے لئے ٹرانسفر پوسٹنگ میں مصروف ہے جس نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تاحال کوئی اجلاس منعقد نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم اختر اور حق پرست ارکان اسمبلی رشید گوڈیل، کرنل ( ر) طاہر مشہدی ، خواجہ اظہار الحسن، سید وقار شاہ کے ہمراہ خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کے بالائی علاقوں سے سیلابی ریلا تیزی سے سندھ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جو نچلے سندھ تک پہنچ رہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو ایک طرف سیلابی ریلا اور دوسری طرف طوفانی بارشیں اگر یہ دونوں مل گئے تو نہ صرف کراچی و حیدر آباد بلکہ ٹھٹھہ بدین بھی اس سے شدید متاثر ہوں گے اور ان شہروں میں سیلاب کی صورتحال ہوگی اور ہم وہ منظر کراچی، حیدر آباد اور ٹھٹھہ بدین میں دیکھیں گے جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی تیاری سیلاب کے حوالے سے بے نقاب ہو چکی ہے۔

Tags: