کرنٹ لگنے سے2 معصوم بچے جاں بحق، کوسٹر نے خاتون کو کچل ڈالا

July 24, 2015 5:25 pm0 commentsViews: 22

کیماڑی میں عمارت سے گر کر رنگساز دم توڑ گیا، اسٹیل ٹائون میں سوزوکی الٹنے سے خاتون ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں5 افراد ہلاک ہوگئے‘ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی میں تیز رفتار کوسٹر نے راہگیرخاتون 23 سالہ ثمرین دختر کابل شاہ کو کچل دیا ،اس دوران قریب کھڑے افراد نے کوسٹر ڈرائیور عارف کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ خاتون کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی ،پولیس نے بتایاکہ متوفیہ خاتون ثمرین بی بی کورنگی اللہ والا ٹائون کی رہائشی تھی، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔ سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر سیون بی میں گھر میںکرنٹ لگنے سے 4 سالہ محمد حسنین ولد زاہد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی ،جہاں پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ،پولیس کے مطابق متوفی بچے کا والد گھر میں بجلی کا کام کررہا تھا کہ حسنین نے کھیلتے ہوئے بجلی کا تار پکڑ لیا اور کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اتحاد ٹائون کے علاقے بلدیہ ٹائون آفریدی چوک کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے 5سالہ نور شریف جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی ،جس پر مشتعل اہلخانہ بغیر کارروائی کے لاش لیکر چلے گئے ۔جیکسن کے علاقے کیماڑی کے پی ٹی ہال کے قریب گھر پر چونا کرنے کے دوران پائوں سلپ ہونے کی وجہ سے رنگساز 40سالہ صادق ولد حسن عبدالقادر گر کر ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی گارڈن رنچھوڑلائن کا رہائشی تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ اسٹیل ٹائون کے علاقے ٹائون شپ میں تیز رفتار سوزوکی الٹنے سے 26سالہ سیما زوجہ موسیٰ خان جاں بحق اور چارافراد زخمی ہوگئے متوفیہ خاتون اور مضروب افراد ٹھٹھہ سے کراچی علاج کے غرض سے آرہے تھے کہ واقعہ رونما ہوگیا پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔

Tags: