تحریک انصاف کے احتجاج کے جواب میں متحدہ کا بھی مظاہرے کا اعلان سیاسی کشیدگی میں اضافہ

July 24, 2015 5:51 pm0 commentsViews: 19

پی ٹی آئی رہنما ایم کیو ایم سیکریٹریٹ لندن کے باہر پہنچتے ہی متحدہ کے کارکن بھی احتجاجی مظاہرہ شروع کردیں گے
الطاف حسین پاکستان میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں‘ اسکاٹ لینڈ یارڈ کو شواہد پیش کروں گا‘ فیصل واڈا کی گفتگو
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اپنے عالمی سیکریٹریٹ کے باہر پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واڈا کے احتجاجی مظاہرے کے جواب میں اپنا مظاہرہ کرنے کے اعلان نے کشیدگی میں اضافہ کردیا ہے۔ فیصل واڈا کو عمران خان کی حمایت حاصل ہے۔ ایم کیو ایم کے اندر سے ایک ذرائع نے تصدیق کی ہے جونہی پی ٹی آئی کراچی کے فیصل واڈا ایم کیو ایم کے سیکریٹریٹ کے باہر پہنچیں گے اسی وقت ایم کیو ایم کے کارکن بھی مظاہرہ کریں گے‘ فیصل واڈا الطاف حسین کیخلاف اپنی مہم کے سلسلے میں لندن میںموجود ہیں اور انہوں نے اتوار کو برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کرنے کا اعلان بھی کررکھا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ان مظاہروں میں مظاہرین کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ لندن آمد پر ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ وہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے افسران سے ملاقات میں اور میڈیا ریگولیٹر آف کام سے ملاقات میں شواہد پیش کریں گے کہ الطاف حسین پاکستان میں عدم استحکام ‘تشدد اور خونریزی پیدا کررہے ہیں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے احتجاج کو پاکستان سے باہر اس لئے لائے ہیں کیوں کہ بطور پاکستانی وہ کراچی کے حالات سے تنگ آچکے ہیں۔

Tags: