رینجرز کا متحدہ رکن اسمبلی کے ریسٹورنٹ پر چھاپہ،4 افراد زیر حراست

July 24, 2015 5:58 pm0 commentsViews: 19

ہوٹل آنے والی سٹرک بند کرکے تلاشی لی گئی، کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں تھی
رینجرز کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ ساتھ لے گئی، تفتیش کے بعد زیر حراست افراد کے نام ظاہر کیے جائیں گے
کراچی(کرائم رپورٹر)کلفٹن میں واقع متحدہ کے رکن قومی اسمبلی کے ریسٹورنٹ پر رینجرز نے چھاپہ مار کر 4افراد کو حراست میں لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کلفٹن 2تلوار کے قریب قائم متحدہ کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ پر اچانک چھاپہ مار دیا،کارروائی کے وقت رینجرز کی بھاری نفری نے ریسٹورنٹ کو گھیرے میں لینے کے ساتھ اطراف کے راستوں کو بھی عام ٹریفک کے لیے بند کردیا جبکہ ریسٹورنٹ میں موجود تمام افراد کو باہر نہ جانے کی ہدایت کی ،بعد ازاں رینجرز نے ریسٹورنٹ کی مکمل تلاشی لی اور ملازمین سے پوچھ گچھ کرنے کے بعد اندر موجود4افراد کو منہ ڈھانپ کر حراست میں لے کر چلے گئے ۔رینجرز ذرائع نے بتایا کہ زیر حراست افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے اور تفتیش کے بعد ان کے نام ظاہر کیے جائیں گے ۔اطلاعات کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد میں علی رضا عابدی کا کزن بھی شامل ہے ، اطلاعات کے مطابق مذکورہ کارروائی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کے لیے آنے والے مشکوک افراد کی گرفتاری کے لیے کی گئی تھی ، اس سلسلے میں رینجرز ترجمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔اس سلسلے میں رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے کہا کہ کارروائی کے دوران انکے کزن حسن رضا کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ رینجرز اہلکار انکے ریسٹورنٹ میں نصب خفیہ کیمروں کا ڈی وی آر سسٹم ، کمپیوٹرز اور پراپرٹی کے کاغذات سمیت دیگر دستاویزات اپنے ہمراہ لے گئے انہوں نے کہا ہ مذکورہ پراپرٹی انکی 1988سے ملکیت ہے اور اس پر قائم ریسٹورنٹ ـ”دی بریانی آف دی سیز ” 2010سے قائم ہے انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران انکے عملے کو باتھ روم میں بند کردیا گیا تھا اور انہوں نے کہا کہ انکے عملے نے بتایا کہ چند لوگ ریسٹورنٹ میں آکر بیٹھے تھے اور اسکے کچھ دیر بعد ہی رینجرز اہلکار مذکورہ ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے اور کارروائی کی ۔

Tags: