سوک سینٹر میں محکمہ لینڈ کے دفاترپر چھاپہ‘ FIA نے 10ہزار فائلیں تحویل میں لے لیں

July 25, 2015 12:35 pm0 commentsViews: 23

محکمہ لینڈ اور انجینئرنگ کے کمروں کی تلاشی‘ فائلوں کو ٹرک میں لوڈ کرکے رینجرز کی حفاظت میں منتقل کردیا گیا‘ منظور کاکا کے بارے میں ٹھوس شواہد حاصل کرلئے گئے
دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اینٹی منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے‘ ٹیم سربراہ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے رینجرز کی بھاری نفری کے ساتھ سوک سینٹر محکمہ لینڈ انجینئرنگ کے دفاتر پر چھاپے مار کر زمینوں پر قبضے سے متعلق 10 ہزار سے زائد فائلیں تحویل لے لیں ٹیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ15 سال کے دوران شہر کی زمینوں پر قبضے اور چائنہ کٹنگ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ دوسری طرف سوک سینٹر پر چھاپے کی اطلاع ملتے ہی عملہ دفاتر چھوڑ کر بھاگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم کے سربراہ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر الطاف حسین کی سربراہی میں رینجرز کی بھاری نفری کے ساتھ اچانک سوک سینٹر میں واقع بلدیہ عظمیٰ کے دفتر کو گھیرے میں لینے کے بعد تمام سیکورٹی گارڈ کو ایک جانب کر دیا جس کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم میں5 انسپکٹر بھی شامل تھے نے محکمہ لینڈ اور انجینئرنگ کے کمروں کی تلاشی لی اور ریکارڈ روم میں موجود10 ہزار سے زائد فائلیں قبضے میں لینے کے بعد ٹرک میں لوڈ کر دیا گیا اور انہیں رینجرز کی حفاظت میں نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ٹیم کے سربراہ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیم کو تحفظ پاکستان آڈیننس کے تحت اختیارات حاصل ہیں اور گزشتہ15 برسوں کے دوران زمینوں پر قبضے، چائنہ کٹنگ اور سوسائٹیز کے نام پر الاٹ ہونے والی زمینوں کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام دستاویزات کو دیکھنے کے بعد اینٹی منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے گرفتار ملزم طارق عزیز اور دیگر کی نشاندہی پر کارروائی کی ہے جبکہ رینجرز کے پاس بھی اہم معلومات تھیں جن سے ایف آئی اے کو آگاہ کر دیا گیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ بیرون ملک روپوش منظور کاکا اور دیگر ملزمان کے بارے میں ٹھوس شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں۔

Tags: