ٹرانزیکشن پر ٹیکس تاجر تنظیموں نے ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کااعلان کردیا

July 25, 2015 12:53 pm0 commentsViews: 28

کسی قسم کا ڈائریکٹ ٹیکس نہیں دے سکتے‘ زبردستی کی گئی تو تاجر اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں گے اور حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی
وفاقی وزیر خزانہ نے تاجروں کو کل مذاکرات کیلئے بلالیا‘ حکومت نے مطالبہ تسلیم کیا توہڑتال کی کال واپس لے لیں گے‘ نعیم میر
لاہور، اسلام آباد، ملتان، کراچی نیوز ڈیسک) ملک بھر کی تاجر تنظیموں اور اسمال ٹریڈرز نے بینکوں سے رقوم کے لین دین پر عائد کئے جانے والے0.3 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف پاکستان انجمن تاجران کے پلیٹ فارم سے یکم اگست کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے احتجاج کی کال دے دی۔ دوسری جانب وزیر خزانہ نے تاجروں کو27 جولائی کو مذاکرات کے لئے بلا لیا۔ جمعے کو آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے مقامی ہال میں منعقدہ تاجر کنونشن میں تمام صوبوں، پنجاب کے اضلاع اور تحصیل کی سطح پر صدور سیکریٹریز کے علاوہ لاہور بھر کی تھوک و پرچون مارکیٹوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ تاجر کنونشن کا لوگو، ہم سب تاجر ایک ہیں تھا۔ جس میں آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئر مین خواجہ شفیق، صدر اجمل بلوچ، جنرل سیکریٹری نعیم میر، صدر انجمن تاجران پنجاب محبوب سر کی، صدر انجمن تاجران سندھ عبدالقیوم قریشی، بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، پختونخوا کے صدر حاجی حلیم جان، کراچی اتحاد کے صدر جمیل پراچہ، انجمن تاجران لاہور کے صدر آغا عدنان، شیخ عرفان اقبال، قومی تاجر اتحاد مرکزی صدر شیخ مشتاق سمیت تاجر نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تاجر نمائندوں نے بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم کسی بھی قسم کا ڈائریکٹ ٹیکس نہیں دے سکتے، تاجر پہلے ہی معاشی مسائل سے دو چار ہیں۔ حکومت ٹیکس ضرور لے لیکن تاجروں کی مشاورت سے اور اگر زبردستی کی گئی تو تاجر سراپا احتجاج بنتے ہوئے اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں گے جس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو میں کنونشن کے میزبان اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکریٹری نعیم میر نے کہا ہے کہ تاجر نمائندے حکومت کے ساتھ27 جولائی کو مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ اگر حکومت نے ہمارا مطالبہ تسلیم کیا تو ہڑتال کی کال واپس لے لی جائے گی۔ کراچی تاجر اتحاد کے چیئر مین اور آل پاکستان انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر عتیق میر پیر 27 جولائی کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے اسلام آباد میں بلائے گئے تاجروں کے اہم اجلاس میں شرکت کرینگے۔

Tags: