ملیر‘ بجلی بندش کیخلاف احتجاج کرنیوالوں پر پولیس کی ہوائی فائرنگ

July 25, 2015 1:01 pm0 commentsViews: 20

مشتعل افراد کا پولیس پر پتھرائو‘ علاقہ میدان جنگ بن گیا‘ لوگوں نے احتجاجاً ٹرین روک دی‘ ہنگامہ آرائی سے کشیدگی
بارش کے بعد 24 گھنٹے سے بجلی بند تھی‘ مشتعل افراد نے سڑکیں بلاک کردیں بدترین ٹریفک جام‘ شہریوں کی حالت غیر ہوگئی
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) ملیر ہالٹ، سعود آباد، الفلاح سوسائٹی میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کا ہنگامہ آرائی، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ مشتعل افراد کا پولیس پر پتھرائو جوابی کارروائی میں پولیس کی ہوائی فائرنگ، مشتعل افراد نے ٹرین روک دی۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کے مشتعل مظاہرین نے بجلی کی عدم فراہمی پر کالا بورڈ پر ٹائر نذر آتش اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک بلاک کر دی جس کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ملیر ہالٹ، سعود آباد، الفلاح سوسائٹی میں جمعرات کے روز موسلا دھار بارش کے دوران جانے والی بجلی24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بحال نہ ہو سکی، مشتعل علاقہ مکینوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ بلاک کر دیا جس سے بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں کی حالت غیر ہوگئی۔ مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز ہونے والی بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تھی چند گھنٹوں کے بعد دیگر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی لیکن کے الیکٹرک انتظامیہ نے ہمارے علاقے کی خرابی کو دور نہیں کیا۔ مکینوں نے اعلیٰٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقے میں بجلی کی بحالی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ رات گئے پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرکے ٹرین روانہ کر دی۔

Tags: