اولڈ سٹی ایریا میں پانی جمع ہونے سے تاجروں کو بھاری نقصان

July 25, 2015 1:03 pm0 commentsViews: 28

بارش کے پانی کے باعث مارکیٹیں صارفین کیلئے ممنوعہ علاقے بن گئے، سلیم بٹلہ
کراچی( کامرس رپورٹر) گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد اولڈ سٹی ایریا کے کاروباری مراکز، مارکیٹس اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان۔ کھجور بازار، کھویا مارکیٹ، کھڈا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، عالم کلاتھ مارکیٹ، کھوڑی گارڈن سمیت متعدد مارکیٹوں میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل ہوگیا ہے برتن مارکیٹ کراچی میلا مائن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سلیم بٹلہ نے نمائندہ آغاز کو فون پر بتایا کہ سیوریج کے پانی کے جوہڑ اور بازار میں پھیلی کیچڑ کے باعث بازار میں سناٹا ہے انہوں نے بتایا کہ سیوریج لائنیں پہلے ہی بند ہیں جنہیں یقین دہانی کے باوجود کھولا نہیں گیا بارش نے رہی سہی کسر پوری کر دی اور برتن بازار، جوڑیا بازار ملحقہ صرافہ بازار کسٹمرز کیلئے ممنوع علاقہ بن گیا ہے۔ اولڈ سٹی تاجر اتحاد کے چیئر مین ایس ایم عالم نے واٹر بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو دن گزرنے کے باوجود واٹر اینڈ سیوریج کا عملہ ایکسین سمیت دفتر کو تالا لگا کر فرار ہیں انہوں نے بتایا کہ علاقے میں سیوریج کی لائنیں فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو آئندہ دنوں میں ہونے والی بارشیں نہ صرف اولڈ سٹی کو ڈبو دیں گی بلکہ یہاں تاجروں کو اربوں روپے کے نقصان کا بھی خدشہ ہے۔

Tags: