جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ حق کی فتح ہے، ن لیگ سندھ کا جشن

July 25, 2015 1:19 pm0 commentsViews: 18

عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی کے جو الزامات لگائے تھے وہ غلط ثابت ہو گئے
نہال ہاشمی و دیگر کا جلسے سے خطاب، پارٹی ارکان میں بعض تنظیمی امور پر تکرار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے تحت جوڈیشل کمیشن کی جانب سے الیکشن2013ء کو شفاف قرار دینے کے فیصلے کی خوشی میں جمعہ کو یوم حق و سچ منایا گیا ۔ اس حوالے سے کراچی پریس کلب کے باہر عوامی جلسہ کا انعقاد کیا گیا ۔ مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے پارٹی کے جھنڈے اور وزیر اعظم نواز شریف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ میاں محمد نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ۔ اس موقع پر پارٹی کے نغموں پر کارکنان کی بڑی تعداد نے بھنگڑے ڈالے اور خوشی کا اظہار کیا اور بڑی تعداد میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ حق و سچ کی فتح ہے ۔ عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے جو الزامات عائد کیے تھے ، وہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد غلط ثابت ہو گئے ہیں ۔ عمران خان کو چاہئے کہ وہ قوم سے معافی مانگیں ۔ اس موقع پر ن لیگ سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔عوامی جلسہ سے خواجہ طارق نذیر، اسد عثمانی، ناصر الدین محمود، آصف محمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا جلسہ کے اختتام پر لیکن بعض امور پر پارٹی رہنما اسد عثمان اور غلام حیدر ڈولی کے مابین تکرار ہوگئی تاہم وہاں موجود لیگی رہنمائوں نے معاملہ ختم کرا دیا۔

Tags: