بلدیاتی اداروں کو کرپشن سے پاک کرنا ترجیح ہے، ناصر حسین شاہ

July 25, 2015 1:26 pm0 commentsViews: 34

سندھ میں سیلاب کی صورتحال کنٹرول میں ہے، وزیر بلدیات کا مختلف علاقوں کا دورہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ان کا وزیر بلدیات کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے انہیں خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ آج وزارت کے پہلے ہی روز کراچی میں ہونے والی بارشوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں اور بڑی حد تک صورتحال اطمینان بخش نظر آئی ہے۔ کے ایم سی اور دیگر محکمہ بلدیات کے اداروں کوکرپشن سے پاک کرنا ان کی اولین ترجیح ہے سندھ بھر میں سیلاب کی صورتحال تاحال کنٹرول میں ہے سکھر اور گدو بیراج سے سیلابی ریلا گزر رہا ہے اور وہاں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے تمام صوبائی وزراء کو اپنے اپنے حلقوں میں سیلاب اور بارشوں کی صورتحال کو مکمل مانیٹر کرنے کی ہدایات دے دی ہیں اور تمام وزراء اور پارٹی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں تمام امور انجام دے رہے ہیں۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار ہیں اورانشاء اللہ انتخابات مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شب کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

Tags: