سندھ کی اہم شخصیت کے دست راست کیخلاف گھیرا تنگ کھربوں کی جائیدادیں بنائیں ایان علی کو متعارف کروایا

July 25, 2015 2:43 pm0 commentsViews: 19

ایم ایم نامی شخص نے اعلیٰ شخصیت کی اندرون اور بیرون ملک جائیدادیں اپنے اور بیٹوں کے نام کرا رکھی ہیں
کراچی میں بڑا ریسٹورنٹ‘ دبئی میں میں 100 اپارٹمنٹس‘ سندھ میں 10 فلنگ اسٹیشنز‘ حساس اداروں نے ثبوت حاصل کرلئے‘ ذرائع
کراچی( نیوز ڈیسک) سندھ کی اہم شخصیت کی حمایت سے کھربوں روپے کی جائیداد بنانے والے شخص کے خلاف حساس اداروں نے گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا‘ ایم ایم نامی شخص کی اندرون اور بیرون ملک جائیداد کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ ماڈل ایان علی کو اعلیٰ شخصیات سے متعارف کرانے کے ثبوت بھی تحقیقاتی اداروں نے حاصل کرلئے‘ ذرائع کے مطابق ایم ایم( مصطفی میمن) نامی شخص طاقتور شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے‘ ان کے اور بیٹیوں کی بیرون ملک 3 ولاز ہیں‘ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے ایم ایم (مصطفی میمن) کے نام پر اندرون اور بیرون ملک کھربوں روپے کی املاک کے دستاویزی ثبوت حاصل کرلئے ایم ایم (مصطفی میمن ) نے اہم شخصیت کی جائیدادیں اپنے دو بیٹوں اور ڈرائیور کے نام کرارکھی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایم ایم (مصطفی میمن) ڈیفنس ہائوس سوسائٹی میں رہتا ہے اور کراچی میں بھی ایک بڑا ریسٹورنٹ ایم ہائوس کے قریب ہے تحقیقاتی اداروں نے دبئی کے پوش ایریا جمیرا پارک میں اس کی31 ہزار 370 مربع فٹ اراضی کا سراغ لگایا ہے اس اراضی کی مالیت 59 ارب80کروڑ روپے سے زائد ہے‘ پاکستانی کرنسی میں ان تینوں ولاز کی مالیت 81 ارب روپے ہے‘ ذرائع نے بتایا کہ ایم ایم( مصطفی میمن) اور اس کے بیٹوں اور ڈرائیور کے نام انٹر نیشنل سٹی دبئی میں 2ارب70کروڑ روپے مالیت کے100 اپارٹمنٹ کا بھی سراغ لگایا گیا ہے‘ ذرائع کے مطابق کراچی کے ساحلی علاقے ہاکس بے میں ایک ہزار ایکڑ کے پلاٹ کا بھی تحقیقاتی اداروں نے سراغ لگایا ہے‘ کراچی سے حیدر آباد تک سپر ہائی وے پر10فلنگ اسٹیشنز بھی ایم ایم( مصطفی میمن) اور اس کے بیٹوں کے نام پر ہیں‘ ذرائع کے مطابق حیدر آباد میں بھی 20 ایکڑ قیمتی زمین ان کی ملکیت ہے۔

Tags: