آج صبح، حادثات میں خاتون سمیت3 افراد جان گنوا بیٹھے

July 25, 2015 2:48 pm0 commentsViews: 28

گلشن اقبال اور لانڈھی میں تیز رفتار گاڑیاں2 افراد کو کچل کر فرار ،خاتون ٹرین کی زد میں آگئی
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں ہونیوالے ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح گلشن اقبال یونیوسٹی روڈ نیپا پل کے اوپر نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل پر سوار 40 سالہ سعید کھوکھر ولد یونس کھوکھر کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں سعید کھوکھر زخمی ہوگیا‘ زخمی کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ متوفی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا‘ ادھر لانڈھی نمبر 4 پیٹرول پمپ کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے 20 سالہ محنت کش مظہر کو کچل کر ہلاک کردیا‘ حادثہ کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘ کار ساز ایئر پورٹ کے قریب ریلوے ٹریفک پر نامعلوم ٹرین کی زد میں آکر خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت عاصمہ پروین کے نام سے ہوئی ہے۔

حیدر آباد میں کار سے لڑکے اور لڑکی کی لاشیں برآمد
دونوں سندھ یونیورسٹی کے طالب علم اور آپس میں منگیتر ہیں، تین ماہ بعد شادی ہونا تھی
حیدر آباد (نیوز ڈیسک) حیدر آباد میں نوجوان لڑکے اور لڑکی کی گولیوں سے چھلنی لاشیں کار سے برآمد ہوئیں‘ جس پر علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا‘ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے مارکیٹ تھانہ کی حدود ہیرا آباد میں واقع ایک گیراج میں کھڑی کار سے نوجوان لڑکے اور لڑکی کی گولیوں سے چھلنی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں‘ جنہیںپولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کیا‘ واقعے کے بعد علاقے میںخوف و ہراس پھیل گیا‘ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت 25 سالہ ارتقاء اور 24 سالہ فریال کے ناموں سے ہوئی‘ پولیس کے مطابق دونوں کے جسموں پر گولیوں کے نشانات ہیں‘ دونوں سندھ یونیورسٹی کے طالب علم ہیں اور آپس میں منگیتر ہیں‘ ان کی تین ماہ بعد شادی طے تھی۔

پانی کے جوہڑ میں نہاتے ہوئے چرواہا ہلاک
کراچی(کرائم رپورٹر) گڈاپ سٹی کے علاقے میں پانی کے جوہڑ میں نہاتے ہوئے ڈوب کر چرواہا جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے نزد بحریہ ٹائون کے قریب جمع بارش کے پانی میں نہانے کے دوران ڈوب کر 45 سالہ محمد ساجد ولد محمد اسلم جاں بحق ہوگیا،ایس ایچ او خان نواز کے مطابق متوفی پیشے سے چرواہا تھا،جو لنگزی پل کے قریب واقعہ فیض محمد گوٹھ کارہائشی اور آبائی تعلق کشمیر سے تھا۔

کلری میں چھت سے گر کر30 سالہ شخص چل بسا
ورثاء بغیر کسی کارروائی کے لاش لے گئے، مچھر کالونی میں کرنٹ لگنے سے55 سالہ نواز ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں حادثات و یگر واقعات میں دوافراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کلری کے علاقے آگرہ تاج کالونی پاور ہائوس کے قریب چھت سے گر کر 30 سالہ نامعلوم شخص شدید زخمی ہوگیا جس کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی تو ورثاء بغیر کسی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے پولیس واقعہ سے لا علمی ظاہر کررہی ہے ۔ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں واقع بختیار جنرل اسٹور میں کام کرنے کے دوران 55سالہ نواز ولد مرزا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا،جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی تو مشتعل اہلخانہ بغیر کارروئی کے لاش لیکر چلے گئے۔

Tags: