گورنر اسٹیٹ بینک کی ڈالر کی قیمت کنٹرول کرنے کی ہدایت

July 25, 2015 2:59 pm0 commentsViews: 25

ایکسچینج کمپنیاں غیرملکی کرنسی کی قلت کا تاثر ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں، اشرف وتھرا
کراچی( کامرس رپورٹر) گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا نے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کو کنٹرول کرنے کیلئے ایکسچینج کمپنیوں کے عہدیداران کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ گورنراسٹیٹ بینک اشرف وتھرا نے فاریکس کمپنیوں کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران بیرونی کرنسی کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے عدم اطمینان کااظہار کیا‘ انہوں نے تاکید کی کہ ایکسچینج کمپنیاں غیر ملکی کرنسی کی قلت کا تاثر ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں‘ اسٹیٹ بینک اس حوالے سے ہر ممکن رہنمائی فراہم کریگا۔ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کا فرق ایک روپے60 پیسے تک پہنچ چکا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 103 روپے40 پیسے جبکہ انٹر بینک میں101 روپے80 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔ دوسری جانب فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے باعث عرب ممالک میں کاروبار ایک ہفتے بند رہنے سے ڈالر کی رسد متاثر ہوئی ہے‘ گورنر اسٹیٹ بینک کی ہدایت پر کمرشل بینک ایکسچینج کمپنیوں کو ڈالر کی فراہمی بھی بہتر کریں گے‘ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک ڈالر کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے بھی ضروری اقدامات کریگا۔

Tags: