سہراب گوٹھ میں گھر کے باہر کھڑا رکشہ دھماکے سے تباہ، کمسن بچی زخمی

July 25, 2015 3:00 pm0 commentsViews: 31

جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے فارنسک لیب بھجوادیے گئے، سلنڈر دھماکا تھا، پولیس
کراچی (کرائم رپورٹر) سہراب گوٹھ کے قریب گھر کے باہر کھڑا رکشہ پر اسرار طور پر دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میںرکشہ کے پاس کھڑا کمسن بچہ زخمی ہوگیا۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقہ مکینوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی ،اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے فارنسک لیب بھجوادیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ایف بی صنعتی ایریا کے علاقے چھوٹا گبول گوٹھ شاہ مارکیٹ کے قریب گھر کے باہر کھڑا رکشہ نمبر D-05010جمعہ کی دوپہر نماز جمعہ کے وقت پراسرار طور پر دھماکہ ہوگیا، دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ،رکشہ کے پاس کھڑا 10 سالہ عظمت اللہ سر پر رکشہ کا حصہ لگنے سے زخمی ہوگیا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر علاقہ مکینوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی اور زخمی بچے کو فوری طورپر قریبی اسپتال پہنچایا، ایس ایچ او اکرم آرائیں کا کہنا ہے کہ رکشہ کا مالک جمال ولد موسیٰ گھر کے پاس رکشہ کھڑا کرکے گھر میں نہا رہا تھا کہ پراسرار طور پر اسکے رکشے میں دھماکہ ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ میں نصب گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے دھماکہ ہوا ہے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔

Tags: