عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی جائے‘ متحدہ الیکشن کمیشن کو خط

July 25, 2015 3:03 pm0 commentsViews: 24

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات میں منظم دھاندلی نہیں ہوئی‘ عمران خان نے قوم کا وقت ضائع کیا‘ خالد مقبول
عمران خان اور ان کی جماعت سے پوچھا جائے کہ دھرنے میں خرچ ہونے والے اربوں روپے کہاں سے آئے‘ کنور جمیل کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ نے آئین کے آرٹیکل62 کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کیلئے خط لکھا ہے‘ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ نے ثابت کردیا کہ جنرل الیکشن برائے سال2013 ء میں منظم دھاندلی نہیں ہوئی عمران خان نے قوم کا وقت اور قیمتی اثاثہ ضائع کیا ہے‘ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جمعہ کی سہ پہر خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی کنور نوید جمیل‘ وسیم اختر‘ شبیر احمد قائم خانی‘ عظیم فاروقی اور عارف خان ایڈووکیٹ ان کے ہمراہ تھے‘ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پوری قوم عمران خان سے سوال کرنا چاہتی ہے کہ وہ بتائیں انہوں نے کس کے اشاروں پر 126 دن تک دھرنا دیا اور جھوٹ بول کر قوم کا وقت ضائع کیا‘ کنور نوید جمیل نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے میں نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کو عمران خان کے حوالے سے تمام ثبوتوں کے ساتھ خط لکھا ہے جس میں عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کی استدعا کی ہے۔ وسیم اخترنے کہا کہ ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں وہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے معاملے پر مزید تحقیقات کریں اور دھرنے کے دوران عمران خان کی جانب سے مشکوک گفتگو کا سختی سے نوٹس لیں‘عمران خان اور ان کی جماعت سے پوچھا جائے کہ دھرنے میں خرچ ہونیوالے اربوں کھربوں روپے کہاں سے آئے۔

Tags: