چائنا کٹنگ کے ڈی اے افسران کے بینک اکائونٹس کی چھان بین شروع

July 27, 2015 4:09 pm0 commentsViews: 19

ایف آئی اے کی چائنا کٹنگ کی فائلوں پر دستخط کرنے والے افسران کے بارے میں پوچھ گچھ‘ 52 ہزار فائلوں کی جانچ پڑتال
قبضے میں لئے گئے ریکارڈ میں اہم شخصیات کے نام سامنے آگئے‘ لینڈ ڈپارٹمنٹ میں ریکارڈ کو آگ لگائے جانے کا خدشہ ہے‘ ایف آئی اے
کراچی( نیوز ایجنسیاں) کراچی میں چائنا کٹنگ کے معاملے پر ایف آئی اے نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ ایف آئی اے نے کے ڈی اے افسران کے بیانات قلمبند کر نا شروع کر دئیے ہیں۔ کے ڈی اے ڈائریکٹر ناصر عباس اور محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر جمیل بلوچ سے اہم معلومات حاصل کر لیں۔ چائنا کٹنگ کی فائلوں پر دستخط کرنے والے افسران کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ جبکہ باون ہزار فائلوں کی جانچ پڑتال کا عمل بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ بیانات کے بعد کے ڈی اے افسران کی گرفتاری کا امکان بڑھ گیا ہے، ایف آئی اے نے کے ڈی اے افسران کے اکائونٹس اور اثاثوں کی تفصیلات جمع کرنا شروع کر دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے کے دفتر پر چھاپے انکروچمنٹ سیل کے افسران سمیت کئی حکام سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے کے ڈی اے افسران کے بینک اکائونٹس کی تفصیل جمع کرنا شروع کردی ہے۔ لینڈ ڈپارٹمنٹ کے افسران کے اثاثہ جات بھی چیک کر رہے ہیں۔ کے ایم سی محکمہ لینڈ سے قبضے میں لئے گئے ریکارڈ میں اہم شخصیات کے نام سامنے آگئے۔ اگر چھان بین کے بعد زمینوں کی الاٹمنٹ اور چائنا کٹنگ سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گردی میں استعمال ہونے کے شواہد ملے تو رینجرز کارروائی کرے گی۔ ملوث افراد کے خلاف ایف آئی اے کا کائونٹر ٹیرر ازم ونگ مقدمات درج کرے گا۔ ادھر ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ ڈپارٹمنٹ میں ریکارڈ کو آگ لگائے جانے کا خدشہ ہے۔ جس کے پیش نظر محکمہ لینڈ کے دفاتر میں رینجرز کی تعیناتی کا امکان ہے۔

Tags: