متحدہ کے 35 سے زائد سینئر رہنمائوں نے الطاف حسین سے رابطے کم کردیئے

July 27, 2015 4:09 pm0 commentsViews: 25

نائن زیرو پر دوسرے نمبر کی قیادت نے رابطہ کمیٹی کیلئے اپنے نام لکھوانا شروع کردیئے‘ زیادہ تر سیکٹر انچارجز ہیں
الطاف حسین کو پارٹی معاملات چلانے میں مشکلات کا سامنا‘ متحدہ میں تین دھڑوں کا قیام شروع ہونے کا امکان ہے‘ ذرائع کا دعویٰ
اسلام آباد( آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ کے35 سے زائد سینئر رہنمائوں نے الطاف حسین سے رابطے محدود کر دئیے جبکہ نائن زیرو پر دوسرے نمبر کی قیادت نے رابطہ کمیٹی کیلئے نام لکھوانا شروع کر دئیے ہیں۔ دوسرے نمبر کی قیادت میں زیادہ تر سیکٹر انچارج شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایم کی ایم کے3 واضح دھڑوں کا قیام شروع ہونے کا امکان ہے۔ کئی اہم ترین رہنمائوں نے الطاف حسین سے لندن میں رابطے نہ ہونے کے برابر کر دئیے ہیں اور ان کے ان محدود رابطوں کی وجہ سے الطاف حسین کو پارٹی چلانے میں مشکلات درپیش ہیں جس پر انہوں نے رابطہ کمیٹی کو برطرف کر دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کو اپنی رابطہ کمیٹی پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ رابطہ کمیٹی میں شامل ارکان بھی سیاسی طور پر پارٹی سے دور ہو رہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ35 سے زائد سینئر رہنمائوں نے غیر اعلانیہ طور پر الطاف حسین سے لا تعلقی اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔ بعض ارکان نے اپنے موبائل فون تک بند کر لئے ہیں۔

Tags: