تحریک انصاف کے دھرنوں سے قومی معیشت کو کھربوں کانقصان

July 27, 2015 4:18 pm0 commentsViews: 14

دھرنوں کے باعث روپے کی قدر میں کمی‘ غیر ملکی قرضوں کے حجم میں 200 ارب روپے اضافہ ہوگیا
قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو 645 ملین روپے اضافی فراہم کئے گئے‘ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزارت خزانہ نے پی ٹی آئی کے دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگا کر رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کردی ہے‘ قومی اسمبلی کے موجودہ سیشن کے دوران یہ رپورٹ زیر بحث لائی جاسکتی ہے‘ رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ دھرنوں کے باعث روپے کی قدر میں کمی آئی تھی جس کے نتیجہ میں غیر ملکی قرضوں کے حجم میں200 ارب روپے اضافہ ہوگیا تھا‘ کراچی اسٹاک ایکسچینج30 ہزار انڈیکس سے27000 کے لیول تک پہنچ گئی تھی‘ جبکہ برآمدات بھی شدید متاثر ہوئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق روپے کی قدر میں کمی سے ڈالر 103 روپے تک پہنچا تھا جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن نہ ہوسکی تھی‘ دھرنوں کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اضافی طور پر 645 ملین روپے فراہم کئے گئے ہیں‘ وزارت خزانہ نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ دھرنوں کے باعث قومی معیشت کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا ہے جس کی ذمہ داری براہ راست پی ٹی آئی پر آتی ہے۔

Tags: