یعقوب میمن کو پھانسی دینے کی مخالفت سلمان خان کو مہنگی پڑگئی

July 27, 2015 5:01 pm0 commentsViews: 52

ممبئی دھماکوں کے ذمہ دار ٹائیگر میمن کو پھانسی دی جائے ان کے بھائی کو نہیں‘ سلمان
بے گناہ کا قتل انسانیت کے قتل کے مترادف ہے‘ ٹوئٹر پیغام‘ ٹائیگر میمن پر شدید تنقید
بالی وڈ اسٹار کے ریمارکس پر بھارتیہ جنتا پارٹی سخت برہم‘ الفاظ واپس لینے کا مطالبہ
اداکار کے گھر کی سیکورٹی سخت کردی گئی‘ سلمان خان نے غیر مشروط معافی مانگ لی
ممبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے1993 ء کے ممبئی دھماکوں کے ملزم کے بھائی یعقوب میمن کو پھانسی دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھانسی دھماکوں کے ذمہ دار ٹائیگر میمن کو دی جائے ان کے بھائی کو نہیں‘ سلمان خان نے اتوار کو ٹوئٹر پر پیغامات میں یعقوب میمن کو بے گناہ قرار دیا تاہم ٹائیگر میمن کو گرفتار کرکے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا‘ سلمان کا کہنا تھا کہ ایک بے گناہ شخص کو قتل کرنا پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے‘ ٹائیگر کو پکڑا جائے اور پھانسی دی جائے‘ بالی ووڈ اسٹار نے ٹائیگر میمن کو لومڑی کا نام دیتے ہوئے بھائی کی سزائے موت پر خاموش رہنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سلمان خان کے اس موقف پر ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) اور سلمان کے والد سلیم خان نے بھی سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ سلیم خان نے اپنے بیٹے کی ٹوئٹس کو بے معنی قرار دیا جبکہ بی جے پی نے ان سے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سلمان خان کی ان ٹوئٹس کے بعد ان کے گھر کی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ دریں اثناء سلمان خان نے یعقوب میمن سے متعلق اپنی ٹوئٹس واپس لیتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔ بی جے پی کے ممبئی یونٹ نے سلمان کی رہائٗش گاہ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ہٹ اینڈ رن کیس میں ان کی ضمانت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

Tags: