شہر میں نکاسی آب کا ناقص نظام‘ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ

July 27, 2015 5:05 pm0 commentsViews: 89

شاہراہوں پر جمع ہونے والا بارش کا پانی بھی تاحال نہیں نکالا جاسکا‘ محکمہ میونسپل سروسز کی ناقص کارکردگی کے باعث نالوں کی صفائی شروع نہیں ہوسکی
نالے صفائی نہ ہونے کے باعث شہریوں کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں‘ تیز بارشوں میں شہریوں کو بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا
کراچی (فریدعالم)کراچی میں تیز بارش نہ ہونے کے باوجود شاہراہوں پر جمع ہونے والا پانی تا حال نکالا نہ جاسکا محکمہ میونسپل سروسز کے سینئر ڈائریکٹرمسعود عالم نے کمشنر کراچی کو بھی چونا لگا دیا،میونسپل سروسز نے کاسمیٹک طریقہ سے نالوںکی صفائی شروع کرادی، نالوں کی صفائی کے لئے کروڑوں روپے وصول کر نے کے باوجود بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ میونسپل سروسز کے افسران کی مبینہ بد عنوانیوں اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر کے برساتی نالوںگلاس ٹاور قیوم آباد نالہ اورنگی نالہ پکچر نالہ کلری نالہ سولجر بازار نالہ گجر نالہ سمیت 30 نالوں کی صفائی کا کام تاحال مکمل نہیں کیا جاسکا، ممکنہ تیز بارشوں کے نتیجے میں شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے شدید خدشات نکاسی آب کے ناقص انتظام نہ ہونے کی صورت میں شہر میں بدترین صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نالوں کی صفائی کی مد میں محکمہ میونسپل سروسز کیلئے ہر بجٹ میں بھاری رقوم مختص کی جاتی رہی ہیں جبکہ مون سون کی آمد سے قبل بھی خصوصی گرانٹ دی جاتی رہی ہے اس کے باوجود شہر کے نالے انتہائی ابتر صورتحال کا منظر پیش کررہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے نالوں کی کاسمیٹکس صفائی کرکے چھوڑدیا جاتا ہے جس کے باعث مذکورہ نالے مکمل طور پر چوک ہوچکے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ذاتی توجہ سے کچھ مقامات پر صفائی ستھرائی کا عمل شروع ہوسکا ہے تاہم اس کے باوجود شہر کے نالے شہریوں کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں نالوں کی صفائی کے لئے محکمہ میونسپل سروسز کو دیئے گئے کروڑوں روپے کہاں استعمال ہوئے اس ضمن میں محکمہ میونسپل سروسز کے سینئر ڈائریکٹر مسعود عالم سے تاحال باز پرس نہیں کی جا سکی ہے ذرائع کے مطابق برساتی نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے شدید بارشوں کی صورت میں ہونے والے نقصانات کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا ہو گا۔

Tags: