ایم کیو ایم ہی فرسودہ نظام کی تبدیلی کی ضمانت ہے، الطاف حسین

July 27, 2015 5:41 pm0 commentsViews: 20

متحدہ کو ملک بھر میں پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاستی آپریشن کیاجارہا ہے، قائد ایم کیو ایم
تحریک انصاف والے ناک رگڑتے ہوئے اسمبلیوں میں داخل ہوں، متحدہ کو 18 سال مکمل ہونے پر مبارکباد
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مہاجر قومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کرنے کے18 سال مکمل ہونے پر تمام کارکنوں اور عوام کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی واحد جماعت ہے جس نے غریب متوسط طبقے سے جنم لیا۔ ایم کیو ایم ہی فرسودہ نظام کی تبدیلی اور غریب و متوسط طبقے کے انقلاب کی ضمانت ہے۔ اسی لئے ایم کیو ایم کو ملک بھر میں پھیلنے سے روکنے کے مقصد کے تحت اس کے خلاف ریاستی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں اور ایم کیو ایم کو کتنے ہی زہریلی پروپیگنڈوں کا سامنا کرنا کیوں نہ پڑے، مجھے یقین ہے کہ کارکنان اور حق پرست عوام کٹھن حالات سے نہیں گھبرائیں گے۔ قائد متحدہ نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کا اسمبلیوں میں جانے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن تحریک انساف والے اگر ظرف و ضمیر رکھتے ہیں تو وہ عمران خان کی قیادت میں ناک رگڑتے ہوئے اسمبلیوں میں داخل ہوں۔

Tags: