پانچویں ون ڈے میں سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

July 27, 2015 5:47 pm0 commentsViews: 34

سری لنکا کے 369 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم203 رنز پر ڈھیر ہوگئی
پاکستان نے ون ڈے سیریز 2 کے مقابلے میں 3 سے جیت لی، محمد حفیظ مین آف دی سیریز قرار
ہمبنٹوٹا ( اسپورٹس ڈیسک) سری لنکا نے پاکستان کو ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 165 رنز سے ہرا دیا۔ تاہم ون ڈے سیریز 3-2 سے پاکستان کے نام رہی۔ سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والی آخری ون ڈے میچ میں میزبان آئی لینڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ ان کیلئے سود مند ثابت ہوا، سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کے سامنے368 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ سری لنکا کی جانب سے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پریرا نے116 رنز، کپتان اینجیلو میتھیوز نے70 رنز، تلکارتنے دلشان نے62 رنز اورسری واردنا نے52رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے بولرز اپنا جادو جگانے میں ناکام رہے۔ صرف راحت علی نے دو آئی لینڈرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جبکہ دو لنکن بلے باز رن آئوٹ ہوئے۔ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے369 رنز کے ہدف کے تعاقب میں203 رنز پر ڈھیر ہوگئی اس طرح سری لنکا نے ون ڈے سیریز کا آخری ون ڈے میچ165 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ پاکستانی اوپننگ بلے باز وکٹ پر ٹھہر کر نہ کھیل سکے اور ابتداء ہی میں وکٹیں گنوادیں۔ گرین شرٹس کے کپتان اظہر علی 35 رنز پر رن آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دوسرے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف18 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ ان کے بعد محمد حفیظ 37 رنز، سرفراز احمد 27 رنز، شعیب ملک11 رنز، محمد رضوان 29 رنز، ایماد وسیم نے15 رنز، یاسر شاہ9 رنز، انور علی 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ راحت علی کوئی بھی رنز نہ بنا سکے۔ سری لنکا کی جانب سے سینا نائیکے نے تین، پریرا نے دو، کیمیج اور میتھیوز اور سری واردانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فاتح ٹیم آئی لینڈرز کے کھلاڑی پریرا کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، محمد حفیظ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

Tags: