رینجرز کے اختیارات میں توسیع کیلئے قانون سازی کیے جانے کا امکان

July 28, 2015 2:38 pm0 commentsViews: 24

گورنر سندھ نے اسمبلی کا اجلاس 7 اگست کو طلب کرلیاجس میں رینجرز کے اختیارات اور قیام میں توسیع پر بحث کی جائے گی
سندھ اسمبلی کا طلب کردہ اجلاس ’’قانوناً‘‘درست نہیں ہے، متحدہ کے رہنما سردار احمد کی بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سندھ اسمبلی کا اجلاس7 اگست کو طلب کرلیا ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع اور رینجرز کے قیام کی مدت کے حوالے سے بحث کی جائے گی اور توقع ہے کہ اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جاسکتی ہے ۔اجلاس سندھ حکومت کی درخواست پر بلوایا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے میڈیا کو بتایا کہ سندھ حکومت کا طلب کردہ اجلاس قانوناً درست نہیں ہے ۔سندھ حکومت کو اجلاس30 جولائی سے پہلے بلانا چاہیے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے16 جولائی کو ریکوزیشن جمع کرائی تھی لیکن حکومت نے ہماری ریکوزیشن اور اجلاس بلانے کی بجائے ازخود اجلاس طلب کرلیا ہے ۔اس حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں اور اپنے لائحہ عمل سے جلد آگاہ کریں گے ۔

Tags: