متروکہ املاک کی اراضی چائنا کٹنگ کی نذر کیے جانے کا امکان

July 28, 2015 3:56 pm0 commentsViews: 25

سرجانی اور گڈاپ ٹائون میں متروکہ اراضی کا ریکارڈ ایف آئی اے نے تحویل میں لے لیا
سوک سینٹر پر چھاپے کے دوران 15 ہزار فائلوں کو تحویل میں لیا گیا ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) لینڈ مافیا کی جانب سے متروکہ املاک ٹرسٹ کی1300 ایکڑ سے زائد اراضی کو قبضے کے بعد چائنا کٹنگ کی نذر کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سرجانی اور گڈاپ ٹائون میں واقع اس اراضی کا ریکارڈ ایف آئی اے نے سوک سینٹر پر مارے گئے چھاپے میں حاصل کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈاپ ٹائون کے مختلف دیہات میں موجود متروکہ املاک ٹرسٹ کی سیکڑوں ایکڑ اراضی پر گزشتہ برسوں میں قبضہ کرکے چائنا کٹنگ کی گئی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور با اثر شخصیات کی پشت پناہی سے اراضی پر قبضے کے بعد تعمیرات کو رکوا نے کے لئے متروکہ املاک ٹرسٹ کراچی کے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر نے26 جنوری 2015ء کو ایس ایس پی ویسٹ کے نام مراسلہ ارسال کرنے کے باوجود اس حوالے سے مبینہ طور پر کسی بھی کارروائی سے گریز کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اراضی پر قبضہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کے لئے درکار ریکارڈ کے حصول کیلئے ایف آئی اے نے سوک سینٹر پر جمعے کو چھاپہ مارا جہاں سے تحویل میں لی گئی 15 ہزار کے لگ بھگ فائلوں کی اکثریت اراضی سے متعلق ہے جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

Tags: