ٹی وی چینلز کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے شہری نفسیاتی مریض بن گئے

July 28, 2015 4:00 pm0 commentsViews: 26

ہیٹ اسٹروک‘ سمندری طوفان و دیگر واقعات کے بارے نجی ٹی وی چینلز کی غیر ضروری خبروں نے شہریوں کو ڈپریشن میں مبتلا کردیا
کراچی کا ہر پانچواں شخص ذہنی دبائو کا شکار ہے اور ہر تیسرا شخص نیند کی گولی کھاکر سوتا ہے‘ ڈاکٹر شاکر عالم
کراچی( نیوز ڈیسک) کراچی میں سمندری طوفان ہیٹ اسٹروک و شدید گرمی اور سیلاب و بارشوں کے حوالے سے ملکی نجی چینلز غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ نے شہریوں کو ذہنی و جسمانی امراض میں مبتلا کر دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق شہریوں میں چند ماہ کے دوران بلڈ پریشر، شوگر، نفسیاتی و ذہنی امراض کے علاوہ ڈپریشن کی شکایتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ معروف ڈاکٹر شاکر عالم بہاری کے مطابق ہمارا میڈیا مثبت کردار ادا نہیں کر رہا ہے جس کی وجہ سے کراچی کا ہر پانچواں شخص نفسیاتی مرض میں مبتلا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی کا ہر تیسرا شخص نیند کی گولی کھا کر سوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی نجی ٹی وی چینلز خبر بریک کرنے سے قبل اس کی تصدیق بھی نہیں کرتے، عوام کو آگاہی دینے کے بجائے خوف و ہراس پھیلایا جاتا ہے جس کی روک تھام کیلئے قوانین بننا بہت ضروری ہیں۔ ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ زیادہ ٹی وی دیکھنے سے گریز کریں۔

Tags: