سندھ میں دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران کے گرد گھیرا تنگ

July 28, 2015 4:46 pm0 commentsViews: 32

افسران کے کوائف مرتب کرنا شروع کردیئے گئے‘ کرپشن میں ملوث کسی افسر کو اب بیرون ملک فرار نہیں ہونے دیا جائیگا
محکمہ تعلیم‘ محکمہ صحت‘ ایکسائز‘ محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ بلدیات میں کئی افسران امریکہ‘ برطانیہ اور دیگر ممالک کی شہریت بھی رکھتے ہیں
کراچی ( رپورٹ: فرید انصاری ) سندھ میں سرکاری افسران کی بد ترین کرپشن اور بیرون ملک فرار کے بعد تحقیقاتی اداروں نے دوہری شہریت رکھنے والے افسران کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے اور ان کے کوائف مرتب کرنا شروع کر دئیے ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں کی جانب سے کرپشن میں ملوث سرکاری اداروں کے افسران کے خلاف بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے بعد حکومت سندھ کے کئی اداروں کے افسران کسی بھی ممکنہ کارروائی سے بچنے کے لئے بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد تحقیقاتی اداروں نے کرپشن میں ملوث افسران کے بیرون ملک فرار کے راستے بند کرنے کے لئے فوری طور پر سندھ حکومت کے اداروں میں تعینات افسران کی شہریت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں کو مختلف ذرائع سے معلومات حاصل ہوئیں ہیں کہ محکمہ تعلیم محکمہ صحت محکمہ ایکسائز محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ بلدیات کے کئی افسران نے امریکہ، کینیڈا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کی بھی شہریت حاصل کر رکھی ہے ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے کرپشن میں ملوث کسی بھی افسر کو بیرون ملک فرار کا کوئی موقع فراہم کرنا نہیں چاہتے جس کے لئے مذکورہ محکموں کے افسران کے کوائف مرتب کرنا شروع کر دئیے ہیں۔

Tags: