پیپلز پارٹی اور متحدہ میں سیلاب ایمرجنسی کے دوران ملکر کام کرنے پر اتفاق

July 28, 2015 4:47 pm0 commentsViews: 23

تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر شہر اور صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے مل جل کر کام کریں گے خواجہ اظہار اور ناصر حسین شاہ
دونوں جماعتوں کے کارکنان بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے مل جل کر کام کرینگے دونوں رہنمائوں کی بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں حالیہ رین اور سیلاب ایمرجنسی کی صورتحال میں تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس شہر اور صوبے کے عوام کی خدمت مل جل کر کی جائے گی۔ بلدیاتی یا جنرل انتخابات اور سیاسی طور پر چاہے کتنے ہی اختلافات دونوں سیاسی جماعتوں کے مابین ہوں لیکن دونوں جماعتوں کا وژن عوامی خدمت ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں کی جائے گی۔ کراچی میں بارشوں کی صورتحال پر دونوں جماعتوں کی جانب سے مل کر اقدامات کئے جائیں گے اور دونوں جماعتوں کے کارکنان بھی اس ایمرجنسی میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر عوامی خدمت کریں گے۔ کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرز منتخب ارکان سندھ اسمبلی اور قومی اسمبلی کے ساتھ مکمل ورکنگ رلیشن شپ کو قائم کریں اور عوامی مینڈیٹ کے حامل منتخب نمائندوں کو اپنے ساتھ لے کر چلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ان دونوں رہنمائوں نے پیر کے روز سندھ اسمبلی میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن چیمبر میں ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن، سید سردار احمد بھی شریک تھے۔

Tags: