سائٹ‘ گاڑی کی ٹکرسے 8 سالہ بچہ ہلاک

July 28, 2015 4:52 pm0 commentsViews: 37

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سائٹ ایریا کے علاقے میٹرویل میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 8 سالہ بچہ ہلاک ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی‘ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے‘ پاک کالونی کے علاقے شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے قریب لیاری ندی میں40سالہ بابولا نامی شخص ڈوب گیا ۔

کلری میں ٹرک نے پولیس افسر کو ٹکر مارکر ہلاک کردیا
حادثے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا، قریب کھڑے افراد نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا
کراچی(کرائم رپورٹر)کلری کے علاقے ماڑی پورروڈ دعا ہوٹل نز دگریڈاسٹیشن کے قریب تیزرفتارٹرک نے موٹر سائیکل سوار دوافراد کو کچل دیا اس دوران قریب کھڑے افراد نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑکرپولیس کے حوالے کیا اورز خمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں خون زیادہ بہہ جانے کے باعث سینئر پولیس انسپکٹرعابدالٰہی ولدموسیٰ خان دم توڑ گئے جبکہ اہلکار سلیم ولد اشرف کو طبی امداد دی جارہی ہے ،پولیس کے مطابق متوفی سینٹرل پولیس آفس کے اسٹیٹ مینجمنٹ برانچ میں تعینا ت تھے،پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور کوگرفتارجبکہ ٹرک کوتحویل میں لے لیا ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔

گلستان جوہر میں گیس سلنڈر پھٹنے
سے خوف و ہراس پھیل گیا
کراچی(کرائم رپورٹر)گلستان جوہرمیں گیس سلنڈرپھٹنے سے خوف و ہراس پھیل گیا ۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے محکمہ موسمیات چورنگی کے قریب ڈیکوریشن کی دکان کے باہر سوزوکی پک میں نصب گیس سلنڈرخوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور رینجرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، پولیس کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دھماکے سے تباہ ہونے والی گاڑی ڈیکوریشن کے دکان کے مالک محمد اقبال کی ہے اور گیس سلنڈرپھٹنے سے دھماکہ ہوا تھا ۔

بفر زون سے مکان سے پھندا لگی لاش ملی
پولیس نے خودکشی قرار دیدیا
کراچی(کرائم رپورٹر)بفرزون میں مکان سے پھندا لگی لاش ملی ہے،پولیس واقعہ کو خودکشی قرار دے رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق تیموریہ کے علاقے بفرزون سیکٹر 15/Aمیں مکان نمبرایل 481سے پھندا لگی لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا،ہیڈ محررمحمدقربان کے مطابق متوفی کی شناخت28سالہ جمیل ولد غلام نبی کے نام سے ہوئی،متوفی کے اہلخانہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا اور اتوار اور پیر کی درمیانی شب اپنے کمرے میں پنکھے سے پھندا لگا کر خود کشی کر لی ۔پولیس ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔

 

Tags: