آج صبح رینجرز اور پولیس کا شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن

July 28, 2015 4:53 pm0 commentsViews: 53

بلدیہ‘ کورنگی‘ لانڈھی ‘ اورنگی ‘ سہراب گوٹھ‘ لائنز ایریا‘ لیاقت آباد اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں
گھر گھر تلاشی کے دوران 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا سیاسی و مذہبی جماعتوں اور کالعدم تنظیموں سے تعلق ہے
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے رینجرز اور سندھ پولیس کا شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن‘ سیاسی ‘مذہبی‘ کالعدم جماعت کے کارکنان سمیت50 افراد زیر حراست‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں بلدیہ ٹائون‘ا تحاد ٹائون‘ کورنگی نمبر 4‘ قائد آباد شیر پائو کالونی‘ لانڈھی نمبر 89 ‘اورنگی ٹائون‘ قصبہ موڑ‘ پیر آباد‘ منگھو پیر‘ لیاری‘ سہراب گوٹھ ‘جنجال گوٹھ ‘لائنز ایریا‘ لیاقت آباد‘ عزیز آباد چوک سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر سیل کردیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ پولیس کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ ملزمان اور جرائم پیشہ افراد کو سہولت فراہم کرنے کی اطلاع پر حراست میں لیا گیا ہے‘ زیر حراست افراد میں سیاسی ‘مذہبی جماعت اور کالعدم جماعت کے کارکن شامل ہیں اور ان کے ساتھ تاجروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی پر
رینجرز کا چھاپہ ملزم گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) رینجرز نے وفاقی اردو یونیورسٹی پر چھاپہ مار کر شعبہ امتحانات کے ایک ملازم کو گرفتار کرلیا‘ رینجرز ذرائع کے مطابق گرفتار کیا جانے والا ملزم بدر اقبال مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

ایران کے راستے یورپ جانے کی
کوشش‘19 پاکستانی گرفتار
کوئٹہ( نیوز ڈیسک) ایران کی سیکورٹی فورس نے19 پاکستانی شہریوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کردیا وہ غیر قانونی طور سے ایران میںداخل ہونے پر گرفتار کئے گئے تھے‘ وہ ایران کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے اور انہیں ایران کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا‘ ان کی اکثریت پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئی تھی حکام نے ان سب کو تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے‘ انہیں کوئٹہ کی عدالت میںپیش کیا جائیگا‘ گرفتار افراد گجرات‘ لالہ موسیٰ‘ جہلم اور پنجاب کے دوسرے شہروں کے رہنے والے ہیں۔

لڑکی بازیاب تین ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)اقبال مارکیٹ پولیس نے ایک ہفتہ قبل پیرآباد سے اغواء کی جانے والی لڑکی کو بازیاب کروا کر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ایس ایچ او اقبال مارکیٹ اعجاز خان کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں ایک مکان میں چھاپہ مار کر تین ملزمان محمد دانش عرف راجو ،محمد رضی عرف بابو اور محمد یعقوب کو گرفتار کرکے مکان سے16سالہ تحریم دختر اعجازکو بازیاب کرالیا،ایس ایچ او کے مطابق ملزمان نے پیر آباد کے علاقے سے ایک ہفتہ قبل لڑکی کو اغواء کیا تھا اس کی رپورٹ پیرآباد تھانے میں درج ہے ،پولیس نے ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔

 

Tags: