قمر منصور کو نجی اسپتال میں طبی معائنہ کرانے کی اجازت

July 28, 2015 5:00 pm0 commentsViews: 19

ایم کیو ایم رہنما کی کمر میں شدید تکلیف ہے اور انہیں ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کرانے کی ضرورت ہے
قمر منصور کے وکیل کی جانب سے درخواست پر رینجرز کے وکیل نے اعتراض نہیں کیا جس پر اجازت مل گئی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور کو نجی اسپتال سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قمر منصور کو نجی اسپتال سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست کی سماعت کی‘ سماعت کے دوران قمر منصور کے وکیل محفوظ یار خان نے عدالت کے روبرو اپنے موکل کی گزشتہ طبی رپورٹس پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انہیں ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن کی اشد ضرورت ہے اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ قمر منصور کو نجی اسپتال سے علاج کی اجازت دی جائے‘سماعت کے دوران رینجرز کے وکیل نے کہا کہ قمر منصور اس وقت کراچی سینٹرل جیل کے نظر بندی مرکز میں قید ہیں‘ جیل مینوئل کے تحت رینجر ز کو قمر منصور کا طبی معائنہ کرانے میں کوئی اعتراض نہیں‘ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد قمر منصور کو ان کو اپنے خرچے پر نجی اسپتال سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ قمر منصور کو رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت 90روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں ہیں۔

Tags: