اورنگی میں بیٹوں نے جائیداد کے تنازعے پر باپ کو قتل کردیا

July 28, 2015 5:01 pm0 commentsViews: 18

ملزمان نے تلخ کلامی کے بعد باپ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعدفرار ہوگئے
پولیس نے مقتول کے بیٹے سمیت قتل میں ملوث اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی
کراچی(کرائم رپورٹر)اورنگی ٹاؤن میںبیٹوں نے جائیداد کے تنازعے پرباپ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے ،پولیس نے مقتول کے بیٹے سمیت چار ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازارکے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ غوثیہ بلوچ کالونی میں فائرنگ سے 45سالہ ندیم احمد ولد فتح محمد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش پولیس نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ،جہاں ایس ایچ او ظہیر حسین نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مقتول ندیم احمد کا اپنے بیٹوں سے جائیداد کے تنازعے پر کافی عرصے سے جھگڑا چل رہا تھا،اس تنازعے پر مقتول کے بیٹے کاشف،عاطف،گوشی اور کاشف کے سالے محمد جبار نے پیر کی دوپہر ندیم احمد سے تلخ کلامی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران مذکورہ ملزما ن میں ایک ملزم نے ندیم احمد کو چارگولیاں مار کر قتل کردیا اور فرارہوگئے ،پولیس کا کہنا ہے کہ اسکے بیٹے الگ رہتے ہیں انہوں باپ کے گھر میں گھس کر قتل کیا ہے جن کی تلاش میں پولیس چھاپے ماررہی ہے تاہم ملزمان اپنے گھروں میں تالے لگا کر فرارہوگئے ،تاہم پولیس جلد انہیں گرفتار کرلے گی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔

پراناگولیمار گٹرباغیچہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
موٹرسائیکل ملزمان نے فائرنگ کرکے 40 سالہ جمال ناصر کو ہلاک کردیااور فرار ہوگئے
ابراہیم حیدری میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے ہارون سلیم نے دم توڑ دیا
کراچی(کرائم رپورٹر)پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار نزد گٹر باغیچہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 40سالہ جمال ناصر ولد نور محمد بلوچ کو جاں بحق کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ،واقعہ کے بعد علاقے میںخوف وہراس پھیل گیا ،پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کیا ،جہاں ایس ایچ او اسلم بلوچ نے بتایاکہ مقتول جمال ناصر مذکورہ علاقے کارہائشی تھا اور چارسال قبل اسکے بھائی نادر بلوچ کو بھی گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا اپنا کاروبار تھا ،پولیس کو شبہ ہے کہ جمال ناصر کا قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے یا پھر بھتے کا تنازعہ بھی ہوسکتا ہے ، 25جولائی کے روز ابراہیم حیدری کے علاقے بھٹائی کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے 58سالہ ہارون سلیم ولد ڈاکٹر سلیم دوران علاج چل بسا ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی،پولیس کے مطابق مقتول کو ملزمان نے لوٹ مار کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا مقتول محمودآباد اختر کالونی کا رہائشی تھے اور واقعہ کے وقت یہ اپنے دوست ملنے آئے ہوئے تھے ،پیرآباد کے علاقے اورنگی ٹائون پانچ نمبر چورنگی نزد لکڑی مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ نعیم احمد ولد نصیر احمد زخمی ہوگیا جس کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔ گارڈ ن کے علاقے رامسوامی املی والی گلی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد فیضان ولد اللہ رکھا اور عیسی ولد دین محمد زخمی ہوگئے جن کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔

Tags: