سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کرے، رابطہ کمیٹی

July 28, 2015 5:04 pm0 commentsViews: 19

سیلابی ریلوں سے متاثرہ افراد بے یارو مدد گار کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ سندھ میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہروں ، گائوں اور دیہاتوں کی آبادیوںکوسیلابی ریلوں سے بچائو کیلئے پشتوں کی مضبوطی ، ندی نالوں کی صفائی اور پانی کے بہائو کے متبادل راستے فی الفور بنائے جائیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے سبب کئی دیہات زیر آب آچکے ہیں ، مکانات، مویشی اور ضروریات زندگی کا سامان پانی میں بہہ چکا ہے جس کے باعث لوگ بے یارو مدد گار کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے پہلے ہی تباہی مچا رکھی ہے لیکن اس تباہی کے باوجود حکومت سندھ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر صوبائی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث اندون سندھ کے کئی دیہات زیر آب آچکے ہیں اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد نقل مکانی پر مجبور ہوچکی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سیلابی ریلوں اور بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کیلئے غذائی اجناس اور طبی سہولیات کے انتظامات کو فی الفور کیاجائے اور حکومتی اداروں کو سیلابی ریلوں سے عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے فعال کیاجائے ۔

Tags: