ودہولڈنگ ٹیکس کراچی کی تمام مارکیٹیں اور بازار یکم اگست سے بند کرنے کی تیاریاں

July 30, 2015 4:35 pm0 commentsViews: 23

حکومت ہم سے ٹیکس کے نام پر بھتہ وصول کررہی ہے‘ محمود حامد‘ چھوٹے تاجروں کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے‘ ایس ایم عالم
ہمارے پاس غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کرنے کے سواکوئی چارہ نہیں‘ عتیق میر‘ ہارون چاند‘ محمد ارشد و دیگر کی بات چیت
کراچی( کامرس رپورٹر) کراچی کے تاجروں نے آل انجمن تاجران کے چیئر مین خالد پرویز کی ود ہولڈنگ کوٹیکس کے خلاف یکم اگست کی ہڑتال کی کال پر شہر کی تمام مارکیٹس اور بازار غیر معینہ مدت تک بند کرنے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں۔ آل پاکستان اسمال ٹریڈرز کے چیئرمین محمود حامد نے گزشتہ روز آل پاٹیز کانفرنس کے اجلاس میں ہڑتال کی منظوری دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت ٹیکس کے نام پر ہم سے بھتہ وصول کر رہی ہے۔ جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں اولڈ سٹی تاجر اتحاد کے چیئر مین ایس ایم عالم نے اسلام آباد سے بتایا کہ حکومت آئندہ ماہ آئی ایم ایف سے دبئی میں ہونے والے مذاکرات میں کامیابی کے لئے چھوٹے تاجروں کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتی ہے۔ جو ہمیں کسی طور پر منظور نہیں جبکہ اسلام آباد ہی سے آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے نمائندہ آغاز کو بتایا کہ تمام تاجر رہنما حکومت کی موجودہ پالیسی سے مایوس ہیں اور اب غیر معینہ ہڑتال کے سوا ہمارے پاس دوسرا راستہ نہیں۔ انجمن تاجران کراچی کے چیئر مین ہارون چاند اور جنرل سیکریٹری جاوید شیخ نے بتایا کہ ہم نے اپنے ہنگامی اجلاس  میں مرکزی انجمن تاجران کے ہڑتال کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کراچی کے تمام بازار مارکیٹس اور کارخانے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے آل پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے صدر جاوید حاجی عبداللہ اور آل پاکستان جیولرز مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد ارشد، کراچی موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدرمحمد احسان سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب، پاک الائنس کے صدر محمد یوسف، میلا مائن کراکری ایسوسی ایشن کے صدر محمد عاطف، دری مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر یوسف چوہان، صدر الائنس آف مارکیٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری الیاس میمن اور عبدالصمد نے ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف مشترکہ بھر پور جدوجہد کا اعلان کیا۔

Tags: