اہل خانہ کا شدید احتجاج کراچی کے لاپتہ ہونیوالے 9 دوست گھر پہنچ گئے،4تاحال غائب

July 30, 2015 4:56 pm0 commentsViews: 22

گلستان جوہر سے حیدرآباد جاتے ہوئے 13افراد جامشورو کے قریب لاپتہ ہوگئے تھے،5متحدہ کارکن شامل
اغواء نہیں ہوئے، کسی قانون نافذ کرنیوالے ادارے کی تحویل میں تھے، گھروں کو واپس پہنچنے والے افراد کا بیان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی سے شادی کی تقریب میں حیدر آباد جانے کے دوران راستے میں13 افراد پر اسرار طور پر لا پتہ ہوگئے تاہم اہل خانہ کے شدید احتجاج کے بعد9 افرد گھروں کو پہنچ گئے جبکہ پولیس 4 افراد کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔ ایس پی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ معاملہ اغواء کا نہیںہے۔ ذرائع کے مطابق تاحال لا پتہ 4افراد ایم کیو ایم کے کارکن ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو گلستان جوہر کے علاقے سے حیدر آباد میں دوست کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جانے والے5 متحدہ کارکنوں سمیت13 افراد جامشورو تک اہلخانہ سے رابطے میں رہنے کے بعد پر اسرار طور پر لا پتہ ہوگئے اور ان کے موبائل فون بھی بند پائے گئے۔ لاپتہ ہونے والوں کے لواحقین نے بدھ کو گلستان جوہر میں سارا دن احتجاج کیا اور کہا کہ ان کے پیاروں کو سیکورٹی اداروں نے تحویل میں  لے رکھا ہے۔ لواحقین کے احتجاج کے باعث پرفیوم چوک والی سڑک پر ٹریفک بھی جام رہا تاہم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 9 افراد باری باری گھروں پر پہنچنا شروع ہوگئے اور کچھ ہی دیر میں سوگ کے ماحول میں ڈوبے گھروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ایس پی گلشن اقبال عابد قائم خانی نے بتایا کہ یاسر، عدیل، جنید، مرزا اور اصغر سمیت9 افراد گھروں کو پہنچ گئے۔ ولید، اسد، سعد اور شایان تاحال گھروں پر نہیں پہنچے۔ عابد قائم خانی کے مطابق رہائی پانے والے افراد کو پہلے تھانے لایا گیا جہاں ان کا بیان لیا گیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ اغواء نہیں ہوئے تھے بلکہ کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تحویل میں تھے۔ تفتیش کے بعد9 افرا کو رہا کیا گیا ہے جلد ہی4 دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر لی جائیں گی۔

Tags: