شہر کی 90 سے زائد مخدوش عمارتوں کو خالی کرنے کا حکم

July 30, 2015 5:04 pm0 commentsViews: 31

مکینوں کو عمارتیں خالی کرنے کیلئے نوٹس جاری کردیئے گئے‘ عمارتوں کے مکینوں کو حکومت تمام سہولیات فراہم کرے گی‘ ناصر حسین شاہ
شہر میں قائم ہونے والی تمام غیر قانونی عمارتوں کا سروے کیا جائیگا‘ صوبائی وزیر بلدیات کی میڈیا سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ ایس بی سی اے کی جانب سے شہر میں90 سے زائد مخدوش عمارتوں کونوٹسز جاری کئے گئے ہیں اور اگر کسی مخدوش عمارت کو نوٹس جاری نہیں کیا گیا تو ان کے مکینوں سے استدعا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسی عمارتوں کو خالی کردیں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جاسکے۔ این جے وی اسکول سمیت متعدد اسکولوں میں سندھ حکومت کی جانب سے کیمپ لگا دئیے گئے ہیں جہاں ایسی عمارتوں کے مکینوں کو حکومت کی جانب سے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہر میں قائم ہونے والی تمام غیر قانونی عمارتوں کا سروے کیا جائے گا اور اس میں ملوث محکمہ کے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اولڈ سٹی ایریا میں مخدوش ہونے والی عمارت کے مکینوں کو معاوضہ ادا کیا جائے گا اور اس سلسلے میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اولڈ سٹی ایریا، کھارادر میں گذشتہ رات گرنے والی5 منزلہ مخدوش عمارت کے معائنہ اور ان کے مکینوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس مخدوش عمارت کو گرایا جائے گا۔ اس کے مکینوں کو حکومت معاوضہ ادا کرے گی۔

Tags: