نیشنل ہائی وے پر کاٹھور کے قریب رینجرز سے مقابلہ،4دہشت گرد ہلاک

July 31, 2015 5:48 pm0 commentsViews: 36

دہشت گرد کراچی میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے، قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا
خفیہ اطلاع پر رینجرز نے کاٹھور موڑ لنک روڈ کے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے مزاحمت شروع کردی، رینجرز پر اندھادھند گولیاں برسائی گئیں، رینجرز نے بھی بھرپور جواب دیا
ایک گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا جس میں چار دہشت گرد مارے گئے جوقتل اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے، شہر میں موجود دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی
کراچی ( کرائم رپورٹر) رات گئے کاٹھور موڑ نیشنل ہائی وے پر رینجرز مقابلے میں4 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بر آمد کرلیا۔  دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ اور کراچی میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے رینجرز نے کاٹھور موڑلنک روڈ پر خفیہ  اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور داخلی و خارجہ راستوں کو رکاوٹیں لگا کر سیل کر دیا اور کسی بھی شخص کو علاقے میں اندر یا باہر جانے کی  اجازت نہیں تھی۔ رینجرز سرچ آپریشن کا عمل شروع کرتے ہوئے علاقے میں داخل ہوئی۔ تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے رینجرز پر اندھا دھند فائرنگ کر دی رینجرز نے بھی بھر پور جواب دیتے ہوئے ملزمان کی جانب فائرنگ شروع کر دی جس کا سلسلہ1گھنٹے تک جاری رہا۔ رینجرز کی فائرنگ سے4 دہشت گرد مارے گئے۔ رینجرز ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی شناخت محمد عاطف عرف اجمل، عامر خان، یوس احمد عرف 34 عرف کالیا اور عبدالوسیم عرف چنے والا کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بر آمد ہوا ہے اور ملزمان قتل، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری سمیت متعدد وارداتوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ دہشت گرد شہر میں ایک بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ جسے رینجرز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق شہر میں دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع بھی ملی ہے جن کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد اور ان کے ساتھی شہر میں کوئی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

Tags: