کراچی میں 3 اگست کو کھلنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا اعلان

August 1, 2015 5:15 pm0 commentsViews: 33

پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے شہر کے اسکول 3 اگست کو کھولنے کا اعلان کیا ہے
جو اسکولز 11 اگست سے پہلے کھولے جائیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی‘ سیکریٹری ایجوکیشن
کراچی( اسٹاف رپورٹر) آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ اور پبلک پرائیویٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ نے3 اگست سے تمام اسکول کھولنے کا اعلان کر دیا ہے جب کہ سیکریٹری تعلیم فضل پیچوہو نے احکامات نہ ماننے والے اسکولز مالکان اور پرائیویٹ ایسوسی ایشن کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے چیئر مین سید خالد شاہ اور پبلک پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے چیئر مین حیدر علی نے جمعہ کو پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سندھ میں اسکولوں کو کھولنے کے لئے11 اگست کا نوٹیفکیشن واپس لیں۔ جب کہ ایسوسی ایشن 3 اگست کو سندھ بھر میں پرائیوٹ اسکولز، جو محفوظ اضلاع میں واقع ہیں ، تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ صرف متاثرہ اضلاع میں چھٹیوں کا اضافہ صحیح اقدام ہے۔ اس حوالے سے سیکریٹری تعلیم فضل پیچوہو نے کہا کہ11 اگست سے قبل اسکولز کھولنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ان کی رجسٹریشن منسوخ کرینگے اور ممکنہ سیلاب میں بچوں کو کسی بھی قسم کے نقصان کے ذمہ دار نجی اسکولز مالکان اور پرائیویٹ ایسوسی ایشن ہونگے۔

Tags: