الطاف حسین کا افواج پاکستان کیخلاف بیان دینا سراسر غداری ہے ‘مفتی نعیم

August 3, 2015 4:38 pm0 commentsViews: 40

حکومت فوری طور پر انٹر پول کی مدد سے الطاف حسین کو وطن واپس لائے اور ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلائے‘ صاحبزادہ ابوالخیر
الطاف حسین کا ملک کے اندرونی معاملات میں بھارت اور نیٹو کو مداخلت کی دعوت دینا ملک دشمنی ہے‘ ثروت اعجاز قادری و دیگر
کراچی( نیوز ایجنسیاں) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر پر مختلف مذہبی رہنمائوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ جامعہ بنوریہ عالیہ کے مہتمم مفتی نعیم نے کہا ہے کہ الطاف حسین کا پاکستان کے خلاف بیان دینا خالصتاً غداری اور پوری دنیا میں پاک فوج اور ملکی سلامتی کے اداروں کو بد نام کرنے کے مترادف ہے۔ اس تقریر کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ریاست کو اس معاملے پر سختی سے نوٹس لینا چاہئے۔ سربراہ ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر زبیر نے کہا کہ ملک کے حکمرانوں نے الطاف حسین کے خلاف کارروائی نہ کرکے۔ بے حسی کا ثبوت دیا ہے۔ حکومت فوری طور پر الطاف حسین کو انٹر پول کی مدد سے گرفتار کرکے پاکستان لائے اور ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ الطاف حسین کا ملک کے اندرونی معاملات میں بھارت اور دعوت دینا ملک دشمنی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے یہاں مغربی طاقتوں کو دعوت دینا ملک سے بے وفائی کی علامت ہے ملک کے20 کروڑ عوام اس بات کو ہر گز قبول نہیں کرسکتے۔

Tags: