لیاری میں نبیل گبول نے حالات خراب کرائے،گینگ وار ملزم عامر دھونی کے انکشافات

August 3, 2015 4:49 pm0 commentsViews: 42

غفار ذکری گروپ کو حالات خراب کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، پیسہ اور اسلحہ بھی فراہم کیا جاتا تھا، ڈی آئی جی سائوتھ کی پریس کانفرنس
گینگ وار میں ملوث ہونے پر نبیل گبول کے خلاف ثبوت مل گئے تو کارروائی کی جائے گی(پولیس)وزیراعلیٰ کے کہنے پر الزامات لگائے جارہے ہیں، نبیل گبول
کراچی( کرائم ڈیسک) کلری سے لیاری گینگ وار کے گرفتار ملزمان عامر دھوبی نے الزام عائد کیا ہے کہ لیاری میں حالات خراب کرنے کے لئے نبیل گبول نے پیسہ اور اسلحہ فراہم کیا۔ لیاری کے حالات خراب کرنے کے لئے نبیل گبول نے غفار ذکری گروپ کا استعمال کیا اور اس گروپ کو لیاری کے حالات خراب کرنے کیلئے پیسے اور اسلحہ فراہم کیا۔ ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل اور ایس ایس پی فدا حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عامر دھوبی نبیل گبول سے رابطے میں تھا۔ عامر دھوبی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کے بیان کی روشنی میں نبیل گبول کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔ عامر دھوبی نے دعویٰ کیا ہے کہ نبیل گبول غفار ذکری سے انٹر نیٹ پر رابطے میں تھا۔ ملزم عامر دھوبی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس نے عبدالرحمن ڈکیت کے ساتھ رشید ٹینشن سمیت متعدد مخالفین کو قتل کیا جبکہ کیماڑی سے آغا خانی شخص کو اغواء کرکے50لاکھ روپے تاوان لے کر رہا کیا تھا۔ ملزم عامر دھوبی نے دوران تفتیش اہم انکشافات بھی کئے ہیں اس نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انٹر نیٹ کے ذریعے غفار ذکری کا سیاسی شخصیت نبیل گبول سے رابطہ ہوا تھا۔ نبیل گبول نے غفار ذکری سے کہا تھا کہ تم اپنے کارندوں کے ذریعے لیاری کے حالات خراب کرا سکو تو اس کے عوض تم کو رقم، اسلحہ، کلاشنکوف، آوان، بم، ہینڈ گرنیڈ، بلبل، جن کو ایل ایم جی کہتے ہیں فراہم کیا جائے گا۔ رقم رئوف ناظم فراہم کریگا۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ نبیل گبول کے خلاف پولیس قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے سابق رکن نبیل گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے کہنے پر ڈی آئی جی سائوتھ نے مجھ پر الزامات لگائے ہیں۔ سندھ حکومت کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑنے پر مجھ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ مجھے چپ کرانے کے لئے میرے خلاف کیس بنانے کا کہا گیا ہے جس عامر نامی ملزم سے متعلق مجھے پر الزامات لگائے جا رہے ہیں میں اسے جانتا ہی نہیں۔ میرے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو میں گرفتاری دینے کے لئے تیار ہوں۔

Tags: