الطاف حسین نے اقوام متحدہ اور نیٹو سے مدد طلب نہیں کی، فاروق ستار

August 3, 2015 5:07 pm0 commentsViews: 21

چوہدری نثار سمیت سیاسی رہنمائوں اور تجزیہ نگاروں نے جو واویلا مچایا ہے، ایم کیو ایم اس کی مذمت کرتی ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے ہفتہ کی شب امریکا میں اپنے خطاب کے دوران بھارت، اقوام متحدہ اور نیٹو سے کسی قسم کی مدد طلب نہیں کی، نہ ہی ان سے کسی مداخلت کی درخواست کی ہے۔ 5 کروڑ مہاجروں سمیت ملک بھر کے مظلوم عوام کے قائد الطاف حسین کے بغیر ایم کیو ایم کی کوئی اہمیت نہیں، الطاف حسین ہی ایم کیو ایم ہے۔ الطاف حسین اور مہاجروں کو الگ الگ کرنے والوں کو عوام کو گمراہ کرنے سے پر ہیز کرنا چاہئے۔ ہر پاکستانی کی جان کا تحفظ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے۔ ایم کیو ایم کے آئینی مطالبات پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ چوہدری نثار و دیگر سیاسی رہنما ایم کیو ایم پر بڑھ چڑھ کر تنقید کر رہے ہیں۔ لیکن ہمارے ساتھ زیادتیوں کے خلاف انسانی حقوق کمیشن برائے پاکستان کے علاوہ کوئی ادارہ یا فرد بات نہیں کر رہا۔ تنقید کرنے والوں نے کبھی ایم کیو ایم پر ہونے والے مظالم کی دو الفاظ میں مذمت نہیں کی۔ معتصب تجزیہ نگار ، سیاسی و مذہبی رہنما ایم کیو ایم پر تنقید کے بجائے قوم کے مستقبل کی بہتری کی پرواہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شب خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

Tags: