جشن آزادی کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کی ہدایت

August 3, 2015 5:19 pm0 commentsViews: 19

مزار قائد‘ پبلک مقامات اور خصوصی تقریبات منعقد کرنے والے تعلیمی اداروں کے منتظمین سے مل کر سیکورٹی انتظامات کئے جائیں
جشن آزادی کے اجتماعات کے اطراف پولیس گشت اور اسنیپ چیکنگ کے اقدامات کئے جائیں‘ آئی جی سندھ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس کو ہدایت جاری کی ہیں کہ جشن آزادی کے موقع پر صوبے اور بالخصوص کراچی سمیت سندھ کے شہروں کیلئے سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات اختیار کئے جائیں تا کہ شہریوں کی جان و مال کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزار قائد، تفریحی مقامات و دیگر پبلک مقامات اور اس دن کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کرنے والے اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں پر با قاعدہ فہرستوں اور منتظمین سے رابطوں کے تحت متعلقہ پولیس رینجرز اور تھانوں کی سطح پر سیکورٹی کے تمام تر اقدامات کئے جائیں، جنکی براہ راست نگرانی ضلعی ایس ایس پیز کریں گے۔ جبکہ متعلقہ ایس ڈی پی اوز وقتاً فوقتاً سیکورٹی پر تعینات اہلکاروں کی بریفنگ اور علاقوں میں ایس ایچ اوز کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے۔ تھانہ جات کے لحاظ سے حساس تنصیبات، ایئر پورٹ، ریلوے اسٹیشنوں بس ٹرمینلز، اہم فلائی اوورز، انڈر پاسز، فائیو اسٹار ہوٹلز، فوڈ چینز، سفارتخانوں، سفیروں کے رہائشی مقامات، دفاتر، اہم سرکاری و نجی عمارتوں، مصروف شاہراہوں، شاپنگ سینٹرز وغیر ہ پر سیکورٹی کے انتہائی ٹھوس اور موثر انتظامات کئے جائیں جبکہ پولیس پیٹرولنگ پلان کے تحت تمام مذکورہ مقامات سمیت جشن آزادی کی تقریبات/ اجتماعات کے اطراف میں پولیس موبائل و موٹر سائیکل گشت کو بھی موثر اور مربوط بنایا جائے۔ علاوہ ازیں سیکورٹی کے جملہ امور میں اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو شامل کرتے ہوئے رینڈم اسنیپ چیکنگ، پولیس گشت، پکٹنگ اور ناکہ بندی کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔ یوم آزادی کے لئے اختیار کر دہ سیکورٹی اقدامات کے تمام انتظامی امور پر عملدر آمد ترجیحی بنیادوں پر کرایا جائے۔

Tags: