ماہ جولائی مبینہ مقابلوں میں 23 جرائم پیشہ عناصر ہلاک‘3762 گرفتار

August 3, 2015 5:27 pm0 commentsViews: 21

نیو کراچی میں یکم جولائی کو اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس سے مبینہ مقابلے میں 2 کار لفٹر 10 جولائی کو ڈاکس پولیس نے ایک شخص کو ہلاک کیا
مومن آباد میں 29 جولائی کو مبینہ پولیس مقابلے میں 5 دہشت گرد اور 30 جولائی کو رینجرز سے مبینہ مقابلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے
کراچی( کرائم رپورٹر) جولائی کے مہینے میں رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے9دہشت گردوں سمیت23 جرائم پیشہ افراد کو ہلاک جبکہ3762 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ہلاک ہونیوالوں میں8 ڈاکو، 3 کار لفٹر، ایک اغواء کار اور2 لیاری گینگ وار کے کارندے شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جولائی کے روز اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے نیو کراچی میں مبینہ مقابلے کے دوران2کار لفٹر پر یل اور عبدالمجید لاشاری ہلاک کئے۔ 3 جولائی کو شیر شاہ اور گذری پولیس نے مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکوئوں کو ہلاک کر دیا۔ 5 جولائی کے روز اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل پولیس نے قائد آباد میں مبینہ مقابلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن ساجد عرف ٹی ٹی کو اغوء کار قرار دیتے ہوئے ہلاک کر دیا۔ 10 جولائی کو ڈاکس پولیس نے مبینہ مقابلے میں گل زین عرف حکیم کو ہلاک کیا۔ 29 جولائی کے روز مومن آباد پولیس مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے امین نوازا ور مصطفیٰ سمیت 5 دہشت گردوں اور چاکیواڑہ پولیس نے مبینہ مقابلے میں لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے2 کارندوں ذیشان اور فہم مغز کو ہلاک کیا۔ 20 جولائی کے روز رینجرز نے مبینہ مقابلے کے دوران نیشنل ہائی وے کاٹھور روڈ پر کالعدم تنظیم کے4 دہشت گردوں آصف عرف اجمل، عامر خان، عبدالوسیم عرف چنے والا اور یونس احمد عرف 34 عرف کالیا کو ہلاک کیا۔

Tags: