منشیات فروش قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہیں، آرمی چیف

August 4, 2015 4:15 pm0 commentsViews: 20

دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کے درمیان گٹھ جوڑ توڑ دیں گے
اینٹی نارکوٹکس فورس کے دفتر کے دورے کے موقع پر جنرل راحیل کی بات چیت
اسلام آباد( خبر ایجنسیاں) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر قومی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ ہیں، انہیں آئندہ نسلوں کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور منشیات فروشوں اور دہشت گرد عناصر کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑدیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بری فوج کے چیف سربراہ جنرل راحیل شریف نے انٹی نارکوٹکس فورس کے دفتر کا دورہ کیا، ANFکے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل خاور حنیف نے انٹی نار کوٹکس فورس کی طرف سے منشیات کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کی گئی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ منشیات فروشوں اور منشیات کی تیاری میں ملوث افراد دہشت گردوں کی طرح قومی سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں۔ منشیات سے حاصل ہونے والی رقوم دہشت گردی کے لئے استعمال کی جا رہی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ منشیات فروشوں کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ مزید بر آں جنرل راحیل شریف نے لیہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا۔ آرمی چیف نے سیلاب کی تباہ کاریوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کاا ظہار کیا۔

Tags: