مسلم لیگی رہنما اپنے گریبان میں جھانکیں وزیر اعظم کے صاحبزادے نے بھارت کو مدد کیلئے خط لکھا تھا‘ رابطہ کمیٹی

August 4, 2015 4:18 pm0 commentsViews: 25

پارلیمنٹ میں خواجہ آصف نے مسلح افواج کیخلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی‘ پرویز رشید کا بیان سراسر بے بنیاد ہے
الطاف حسین نے اپنی تقریر میں بھارت کو بزدل اور ڈرپوک کہا ہے شاید یہی بات مشاہد اللہ کو بہت بری لگی ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ مسلم لیگی رہنما اپنے گریبانوں میں جھانکیں وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹے نے بھارتی وزیر اعظم کو مدد کیلئے خط لکھا تھا۔ رابطہ کمیٹی کے رکن اظہار احمد خان نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی رہنما سب سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ جب وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز کیلئے بھارتی وزیر اعظم کو خط لکھ رہے تھے اور پارلیمنٹ میں خواجہ آصف مسلح افواج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کر رہے تھے اس وقت مشاہد اللہ خان کی زبان پر تالے کیوں لگے ہوئے تھے؟ قائد تحریک الطاف حسین نے نہ تو بھارت سے مدد مانگی ہے اور نہ ہی نیٹو یا اقوام متحدہ کی فوج کو دعوت دی ہے الطاف حسین نے اپنی تقریر میں بھارت کو بزدل اور بے غیرت قرار دیا ہے شاید یہی بات مشاہد اللہ کو بہت بری لگی ہے۔ رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفیٰ عزیز آبادی نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے بیان کو سراسر بیہودہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز رشید جیسے لوگ پاکستان کی سر زمین پر بوجھ ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن قاسم علی رضا نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق ایم کیو ایم سے استفسار کرنے کے بجائے پہلے القاعدہ اور طالبان دہشت گردوں سے جماعت اسلامی کے دیرینہ تعلقات کی وضاحت کریں۔

Tags: