گجرنالہ کے اطراف تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران ہنگامہ آرائی

August 4, 2015 4:53 pm0 commentsViews: 83

فیڈرل بی ایریابلاک 18 میں کیفے پیالہ کے عقب میں مکانات اور باڑوں کو مسمار کردیا گیا
علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی بلدیہ کے عملے پر پتھرائو‘ ٹائر جلاکر ٹریفک معطل کردی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) گلبرگ کے علاقے کیفے پیالہ گجر نالہ کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن پر اہل علاقہ نے دوسرے روز بھی احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک18 اورکیفے پیالہ کے عقب رحیم شاہ کالونی میں بلدیہ عظمیٰ کی انسداد ورتجاوزات ٹیم نے دوسرے روز بھی گجر نالہ کے اطراف قائم غیر قانونی عمارتوں کو گرانے کیلئے آپریشن جاری رکھا۔ انسداد تجاوزات ٹیم نے پتھارے، کیبن اور دیگر اشیاء کو قبضے میں لے لیا اور گجر نالے پر تعمیر کئے گئے ان مکانات اور باڑوں کو فوری طور پر مسمار کر دیا جن کی وجہ سے مشینوں کے ذریعے نالے کی صفائی ممکن نہیں تھی۔ کارروائی کے خلاف قبضہ مافیا کے کارندے اور مشتعل اہل علاقہ کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بلدیہ کے عملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مین گلبرگ چورنگی پر دھرنا دے دیا۔ اس دوران مشتعل افراد نے عملے پر پتھرائو کیا اور ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا جس کے نتیجے میں گلبرگ چورنگی سے پیپلز چورنگی جانے والی شارع پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔ ہنگامہ آئی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل افراد کو مذاکرات کے ذریعے منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم مشتعل افراد نے پولیس پر بھی پتھرائو شروع کر دیا جس پر پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کے ساتھ لاٹھی چارج کیا۔

Tags: