سندھی مہاجر فسادات کرانے کی سازش کی جارہی ہے، آفاق احمد

August 4, 2015 4:56 pm0 commentsViews: 25

الطاف حسین کے کسی بھی عمل کا ذمہ دار مہاجر قوم کو قرار دینا زیادتی ہے، مہاجر قوم محب وطن ہے
اسٹیبلشمنٹ الطاف حسین کو زندہ رکھ کر مہاجر قوم کا چہرہ مسخ کرنا چاہتی ہے
الطاف حسین کو ملک دشمن قرار دے کر متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی لگائی جائے
سندھ کے چند شہروں میں الطاف حسین کے خلاف مقدمات درج کروانا سندھی مہاجروں کو لڑانے کی سازش ہے
الطاف حسین کا خلاء پر کرنے کے لیے مہاجر لیڈر شپ کو موقع دیاجائے، میانوالی کی قیادت نہ لائی جائے
مہاجر قومی موومنٹ نے اب اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے، چیئرمین پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد نے کہا ہے کہ مہاجر قوم محب وطن ہے۔ مہاجروں کی تاریخ وطن بنانے اور بچانے سے بھری پڑی ہے۔ الطاف حسین کے کسی بھی عمل کا ذمہ دار مہاجر قوم کو قرار دینا زیادتی ہے۔ الطاف حسین نے پاکستان اور اس کے دفاعی اداروں کے خلاف جو کچھ کہا ہے وہ ملک دشمنی کے زمرے میں آتا ہے۔ لیکن اس کی سزا پوری مہاجر قوم کو نہ دی جائے، غداری کا مقدمہ ریاست درج کراتی ہے سندھ کے چند شہروں میں لوگوں سے الطاف حسین کے خلاف مقدمات درج کروا کر سندھی مہاجر تصادم کرانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ الطاف حسین کو زندہ رکھ کر مہاجر قوم کا چہرہ مسخ کرنا چاہتی ہے۔ الطاف حسین کو ملک دشمن قرار دے کر متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی عائد کی جائے، پیر کو کلفٹن میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے آرمی چیف اور وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ جس چھتری کے نیچے ملک دشمنوں کو پروان چڑھایا گیا اس چھتری کو ہی ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا خلا پر کرنے کیلئے مہاجر لیڈر شپ کو ہی موقع دیا جائے نہ کہ میانوالی سے عمران خان کو کراچی میں لا کر مہاجر قوم پر مسلط کرنے کی کوشش کی جائے انہوں نے کہا کہ ہمیں کام کرنے کاموقع دیا جائے۔ مہاجر قومی موومنٹ نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔ ہم تصادم کی پالیسی اختیار نہیں کریں گے۔ کیونکہ اس سے مہاجر قوم کو ہی نقصان ہوگا۔

Tags: